ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2016 |
اكستان |
|
درسِ حدیث حضرت اَقدس پیر و مرشد مولانا سیّد حامد میاں صاحب کے مجلسِ ذکر کے بعد درسِ حدیث کا سلسلہ وار بیان ''خانقاہِ حامدیہ چشتیہ'' رائیونڈ روڈ لاہور کے زیرِاِنتظام ماہنامہ'' اَنوارِ مدینہ'' کے ذریعہ ہر ماہ حضرت اقدس کے مریدین اور عام مسلمانوں تک با قاعدہ پہنچایا جاتا ہے، اللہ تعالیٰ حضرتِ اَقدس کے اِس فیض کو تا قیا مت جاری و مقبول فرمائے۔ (آمین)اللہ تعالیٰ کی شانِ بے نیازی ، زبانی توبہ کافی نہیں عاجزی اور گناہوں پر پشیمانی اللہ کو پسند ہے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعَالَمِیْنَ وَالصَّلٰوةُ وَالسَّلَامُ عَلٰی خَیْرِ خَلْقِہ سَیِّدِنَا وَمَوْلَانَا مُحَمَّدٍ وَّاٰلِہ وَاَصْحَابِہ اَجْمَعِیْنَ اَمَّابَعْدُ ! مشکوة شریف میں ایک طویل حدیث ہے حضرت اَبو ذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ ایک دفعہ جنابِ آقائے نامدار ۖ نے اِرشاد فرمایا کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ اے میرے بندو! میں نے اپنے اُو پر ظلم کو حرام قرار دیاہے اور تمہارے اُوپر بھی آپس میں ایک دُوسرے پر ظلم کرنے کو حرام قرار دیاہے فَلَا تُظَالِمُوْا پس ایک دُوسرے پر ظلم نہ کرو۔ اے میرے بندو ! تم سب کے سب بھٹکنے والے ہوسوائے اُس کے جس کو میں راہ پر لگا ؤں فَاسْتَھْدُوْنِیْ اَھْدِکُمْ پس تم مجھ سے ہدایت طلب کرو میں تمہیں ہدایت دُوں گا۔ اے میرے بندو ! تم سب کے سب بھوکے ہوسوائے اُس کے کہ جس کا میں پیٹ بھروں فَاسْتَطْعِمُوْنِیْ اُطْعِمْکُمْ پس مجھ سے طلب کرو میں تمہیں کھلاؤں گا۔ اے میرے بندو ! تم سب کے سب بے کپڑے ہو سوائے اُس کے کہ جس کو میں کپڑا عنایت کروں فَاسْتَکْسُوْنِیْ اَکْسُکُمْ پس مجھ سے کپڑے طلب کرو میں تمہیں پہناؤں گا۔