ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مارچ 2013 |
اكستان |
|
تقریظ و تنقید نام کتاب:مجموعہ مقالات ِ حامدیہ مضامین :حضرت اَقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمہ اللہ مرتب :حضرت مولانا سیّد محمود میاں صاحب صفحات:٨٨ سائز : ٨ /٢٦x ٢٠ ناشر:خانقاہ ِ حامدیہ ، ١٩ کلو میٹر رائیونڈ روڈ لاہور قیمت:٨٠ محدثِ کبیر عالم ِربانی اَمیر مرکزیہ جمعیة علماء ِ اِسلام حضرت مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمہ اللہ کی شخصیت علمی حلقوں میں محتاجِ تعارف نہیں، آپ دارُالعلوم دیو بند کے فاضل شیخ الاسلام حضرت مولانا سیّد حسین اَحمد مدنی قدس سرہ کے خلیفہ اَجل ،جامعہ مدنیہ قدیم و جدید اَور خانقاہ ِ حامدیہ کے بانی ہیں، اللہ تعالیٰ نے آپ کو بیشمار خوبیوں سے نوازا تھا، تقریر کے ساتھ ساتھ تحریر کا بھی عمدہ ذوق رکھتے تھے۔ آپ کے زیرِ اِدارت چھپنے والا مجلہ ''اَنوارِ مدینہ'' اِس کا بین ثبوت ہے۔ آپ نے بہت سے مضامین تحریر فرمائے تھے جن میں سے کچھ تو آپ کی حیات ہی میں مختلف رسائل وجرائد میں شائع ہو گئے تھے اَور کچھ تشنہ ٔ طباعت تھے۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیر دے آپ کے خلف الرشید حضرت مولانا سیّد محمود میاں صاحب زید مجدہم کو کہ اُنہوں نے ذاتی طور پر دلچسپی لیتے ہوئے حضرت سیّد صاحب کے تمام مضامین (مطبوعہ و غیر مطبوعہ) کی اِشاعت کا اِہتمام کیا ہے اَور اُن کو مختلف عنوانات کے تحت لا کر شائع کرنے کا عزم واِرادہ رکھتے ہیں۔