ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2006 |
اكستان |
|
دینی مسائل ( نکاح کابیان ) کفو اور برابری کی اقسام : یہ پانچ قسمیں ہیں۔ نسب میں برابری، مسلمان ہونے میں، دینداری میں، مال میں اور پیشہ میں برابری۔ (١) نسب میں برابری : مسئلہ : قریش آپس میں ایک دوسرے کے کفو ہیں۔ قریشی وہ شخص ہے جس کے اجداد میں نضر بن کنانہ داخل ہوں۔ یہ نبی کریم ۖ کے اجداد میں بارہویں نمبر پر تھے۔ آپ ۖ کا نسب یہ ہے حضرت محمد ۖ ، عبد اللہ، عبد المطلب، ہاشم، عبد مناف، قصی، کلاب، مرہ، کعب، لوی، غالب، فہر ، مالک، نضر بن کنانہ۔ چاروں خلفاء راشدین چونکہ قریشی تھے اس لیے صدیقی، فاروقی، عثمانی اور علوی سب ایک دوسرے کے کفو ہیں۔ مسئلہ : سید یعنی جو حضرت فاطمہ رضی اللہ عنہا کی اولاد یعنی حضرت حسن اور حضرت حسین رضی اللہ عنہ کے سلسلہ نسب میں ہیں اگرچہ نسب کے اعتبار سے ان کا رتبہ اوروں سے بڑھ کر ہے لیکن اگر سید کی لڑکی کسی عثمانی یا فاروقی ے گھر میں بیاہ دی گئی تو یہ نہ کہیں گے کہ اپنے جوڑ میں نکاح نہیں کیا بلکہ یہ جوڑ ہی ہے۔ مسئلہ : عجمی عالم قریشی اور سید لڑکی کا کفو ہے۔ مسئلہ : قریش کو چھوڑکر باقی عرب ایک دوسرے کے کفو ہیں۔ مسئلہ : عجم کے سب لوگ ایک قوم ہیں اور برابر ہیں خواہ وہ مغل ہوں یا پٹھان یا کوئی اور۔ یہ لوگ قریش اور سیدوں کے جوڑ کے نہیں۔ مسئلہ : نسب میں اعتبار باپ کا ہے ماں کا کچھ اعتبار نہیں۔ اگر باپ سید ہے تو اولاد بھی سید ہے اور اگر باپ عثمانی ہے تو اولاد بھی عثمانی ہے ماں چاہے جیسی ہو۔ اگر کسی سید نے کسی غیر سید عورت سے نکاح کرلیا تو ہونے والے بچے سب سید ہوئے۔