ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2006 |
اكستان |
|
سوانحی خاکہ حضرت مولانا سید اَرشد مدنی زید مجدہم صدر جمعیت علمائے ہند ( از : مولانا سید اسجد مدنی۔ مدنی منزل دیوبند ،انڈیا ) پیدائش : ١٣٦٠ھ مطابق ١٩٤١ء آغازِ تعلیم : ١٩٤٦ء اُستاذِ اوّل : جناب مولانا قاری اصغر علی صاحب معتمد و خلیفۂ اجل شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی نور اللہ مرقدہ'۔ ٨ سال کی عمر میں قرآنِ کریم کا حفظ مکمل کیا اور پہلی محراب بانسکنڈی آسام میں حضرت شیخ الاسلام نور اللہ مرقدہ' کو سُنایا۔ عربی تعلیم کا آغاز : اُس وقت دارُالعلوم دیوبند کے قانون کے مطابق ٥ سال فارسی کے نصاب کی تکمیل کے بعد ١٩٥٥ء سے عربی تعلیم کا آغاز کیا۔ دارُالعلوم دیوبند میں ١٩٥٩ء میں داخلہ لیا۔ خاندان کے مربی، بردارِ کبیر فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی رحمة اللہ علیہ نے مولانا وحید الزمان صاحب رحمة اللہ علیہ کو دہلی سے دیوبند حضرت مولانا سید اَرشد مدنی کی عربی تعلیم و تمرین ہی کے لیے بلایا تھا اور مولانا وحید الزمان صاحب نے کم و بیش تین سال اِنہیں عربی زبان و اَدب کی مشق کرائی۔ اِس کے بعد شیخ عبد الوہاب مصری، محمود عبد الوہاب مصری رحمہما اللہ ، مبعوث حکومت ِمصر سے بھی دو سال عربی زبان و اَدب کی تحصیل، ساتھ ہی مروجہ نصابِ تعلیم کے مطابق دیگر حضراتِ اساتذہ دارُالعلوم دیوبند سے علوم و فنون کی تحصیل کرتے رہے تا آنکہ ١٩٦٣ء میں دورۂ حدیث کی تکمیل کرکے سند ِفراغت سے سرفراز ہوئے۔ آپ کے مشہور اساتذہ میں فخر المحدثین حضرت مولانا سید فخر الدین مراد آبادی، حضرت شیخ الادب والفقہ مولانا اعزاز علی، حضرت شیخ المعقول علامہ محمد ابراہیم بلیاوی، حضرت مولانا جلیل احمد کیرانوی خادمِ خاص حضرت شیخ الہند، حضرت مولانا اختر حسین دیوبندی قابل ذکر ہیں۔