ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2006 |
اكستان |
|
تصنیف و تحقیق : حضرت شیخ الاسلام کے علمی ورثہ کی حفاظت کرتے ہوئے قرآنِ کریم کی پہلی ہندی تفسیر کا ایک ہندی داں کے تعاون سے ١٩٨٠ء میں آغاز کیا اور دو جلدوں میں ١٩٩١ء میں مکمل فرمایا۔ ٧٢٢ صفحات پر مشتمل دو جلدوں میں '' تفصیل عقد الفرائد فی تکمیل قید الشرائد معروف بشرح منظومہ ابنِ وہبان'' کے مخطوطہ کو اپنی تحقیق و تعلیق کے ساتھ شائع کیا۔ مشہور محقق عالم حافظ بدر الدین عینی کی بے مثال تصنیف '' نخب الافکار فی تنقیح مبانی الاخبار فی شرح شرح معانی الآثار'' کے مخطوطہ کو مصر کے کتب خانہ سے حاصل کرکے اپنی تحقیق و تعلیق کے ساتھ شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا جس کی اَب تک آٹھ جلدیں منظر ِعام پر آچکی ہیں۔ توقع ہے کہ ١٢، ١٣ جلدوں تک کام پہنچے گا، انشاء اللہ۔ ''نقش حیات'' جو حضرت شیخ الاسلام کی خود نوشت سوانح حیات ہے اَب تک اُردو زبان میں ہے، اِس کو عربی زبان میں منتقل کرنے کا شرف حضرت مولانا سید اَرشد مدنی کو پہلی مرتبہ حاصل ہورہا ہے۔ اَشاعت ِ علم اور رفاہی خدمات : مدنی چیریٹیبل ٹرسٹ ١٩٩٧ء میںقائم فرمایا۔ اِس ٹرسٹ کے تحت سب سے پہلے دینی ماحول میں عصری تعلیم کا انتظام کیا اور دیوبند میں ''مولانا مدنی میموریل انگلش میڈیم سکول'' کے نام سے سکول قائم کیا۔ اِسی ٹرسٹ کے تحت مدارس و مکاتب کا قیام عمل میں آیا۔ بالخصوص ہریانہ، پنجاب، ہماچل پردیش کے اِرتداد زدہ علاقوں میںدارُالاقامہ، مدارس اور مکاتب ِدینیہ کا قیام، آئی۔ ٹی۔ آئی اور دیوبند میں ہسپتال کا قیام اور غریب و پسماندہ علاقوں میں تعمیر مساجد اور دیگر رفاہی اُمور انجام پارہے ہیں۔ ہندوستان اور دُنیا کے جن مختلف ملکوں میں مسلمان آباد ہیں وہاں اُن کی دعوت پر اُن کے علمی مجالس، سیمیناروں اور دینی جلسوں کی غرض سے اَسفار پیش آتے رہتے ہیں۔ اِن میں خصوصیت کے ساتھ بنگلہ دیش، پاکستان، متحدہ عرب اَمارات، مصر، ملاوی، زامبیا، سائوتھ افریقہ، موریشیش ری یونین، برطانیہ اور سعودی عرب وغیرہ قابل ِذکر ہیں۔ ہندوستان کے مختلف مدارس عربیہ و تنظیموں کے سرپرست اور صدر ہیں۔