ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اپریل 2004 |
اكستان |
|
وفیات خانوادۂ بانی ٔ جامعہ کو حادثہ ٥ صفر المظفر ١٤٢٥ ھ مطابق ٢٧مارچ ٢٠٠٤ء بروز ہفتہ بانی ٔ جامعہ حضرت اقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب کی پہلی اہلیہ محترمہ مریم خاتون رحمہااللہ تعالیٰ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں انا للّٰہ وانا الیہ راجعون۔ مرحومہ طویل عرصہ سے بیمار تھیں، علالت کے باوجود ذکرواذکار ،عبادت و ریاضت میں اپنے معمولات پر پختگی سے کاربند رہتی تھیں۔ نماز وتلاوتِ قرآن پا ک سے خاص شغف تھا، مہمان نواز اور دریا دل خاتون تھیں ۔پریشان حال آنے والی خواتین کی تسلی وتشفی کا بہت خیال رکھتیں تھیں ،اِن کی وفات سے جہاں خانوادہ ٔ حامد شفیق سائے سے محروم ہوا وہاں آنے جانے والی بہت سی دُکھی خواتین ایک غمگسار کی کمی سے دوچار ہوئیں۔ قارئین ِکرام سے درخواست ہے کہ مرحومہ کو اپنی دُعائوں میں یاد رکھیں ،اللہ تعالیٰ اُن کی مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔ خانوادۂ حامد کو صبر جمیل کی توفیق کے ساتھ ہر قسم کے شروفتن سے محفوظ فرمائے، آمین۔جامعہ مدنیہ جدید و جامعہ مدنیہ قدیم اور خانقاہ حامدیہ میں مرحومہ کے لیے ایصالِ ثواب اور دُعاء مغفرت کرائی گئی اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔ ١٢ مارچ کو گنگ ایڈ ورڈ میڈیکل ہاسٹل کے خطیب مولانا محمد عارف صاحب طویل علالت کے بعد انتقال فرماگئے انا للہ وانا الیہ راجعون۔ موصوف گزشتہ چالیس پچاس برس سے امامت و خطابت کے فرائض انجام دیتے رہے ہیں،بہت ہی خلیق اور متواضع عالمِ دین تھے۔ اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرماکر جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ان کے پسماندگان کوصبرِ جمیل نصیب ہو ،ادارہ ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ جامعة المسلمات المفتوحہ کی منتظمہ کے والد صاحب طویل علالت کے بعد گزشتہ ماہ وفات پاگئے انا للہ وانا الیہ راجعون۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرماکر اپنے جواررحمت میں جگہ عطاء فرمائے اور پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ جامعہ مدنیہ جدید وخانقاہ حامدیہ میں جملہ مرحومین کے لیے دُعائے مغفرت وایصالِ ثواب کرایا گیا اللہ تعالیٰ قبول فرمائے۔آمین۔