بسم اللّٰہ الرحمن الرحیم
پیشِ گفتار
الحمد کلہ للہ، والشکر کلہ للہ، والصلاۃ والسلام علی رسول اللہ، صلی اللہ علیہ وعلیٰ آلہ وصحبہ ومن تبعہم باحسان ودعا بدعوتہم الی یوم الدین۔
زیر نظر کتاب ’’گناہوں کی معافی کے طریقے اور تدبیریں ‘‘ اُن آیاتِ قرآنیہ اور احادیث نبویہ کے مجموعے کی حیثیت رکھتی ہے، جن میں مختلف اعمالِ صالحہ کو گناہوں کی معافی اور بخشش کا ذریعہ بناکر ان کو انجام دینے کی ترغیب وتلقین فرمائی گئی ہے۔
زبانِ نبوت کے مطابق ’’لَا یَأْتِیْ یَوْمٌ اِلَّا وَالَّذِیْ بَعْدَہٗ اَشَرُّ مِنْہُ‘‘ (ہر بعد میں آنے والا دن اور زمانہ گذشتہ دن اور زمانے سے بدتر ہی ہوگا) ہماری موجودہ صورتِ حال یہ ہے کہ عوام، خواص سبھی طبقے پر فتن حالات کی ظلمتوں اور ضلالتوں کے دام میں پھنس کر غرقِ عصیاں ہوتے جارہے ہیں ، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ گناہوں کا ایک سیلابِ بلاخیز امڈا چلاآرہا ہے، اور بجز معدودے باتوفیق افراد کے سب اسی کی رو میں بہتے چلے جارہے ہیں ۔
سینوں میں ایمان زندہ ہو، دلوں میں یقین مستحکم ہو، سراپا اور وجود میں ضمیر بیدار ہو، تو احساسِ گناہ ضرور کچوکے لگاتا ہے، اور ندامت وشرمندگی لازماً پیدا ہوتی ہے، گناہوں کے منحوس اثرات کے ازالے کی فکر بہرحال پیدا ہوتی ہے، توبہ اور استغفار کے جذبات ابھرتے ہیں ، نیکیوں کا شوق بڑھتا ہے۔