سوال ۲۰… کیا آیت ’’فلما توفیتنی (مائدہ:۱۱۷)‘‘ (مائدہ آیت ۱۱۷)یہ ثابت کرتی ہے کہ نہیں حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات کے بعد عیسائیوں کا عقیدہ بگڑا۔ اگر نہیں تو آنحضرتﷺ کا اس آیت کی تفسیر ان الفاظ سے کرنا کہ جب میرے بعض صحابی پکڑے جائیں گے اور اﷲ فرمائے گا کہ تیرے بعد وہ بگڑے تو میں یہ کہوں گا: ’’کنت علیہم شہیداً ما دمت فیہم فلما توفیتنی کنت انت الرقیب علیہم ‘‘ یہ وہی الفاظ ہیں جو حضرت عیسیٰ علیہ السلام فرماتے ہیں۔ غلط ٹھہرے گا یا نہیں۔ حالانکہ یہ تفسیر بخاری میں ہے۔
الجواب… یہ سچ ہے کہ عیسائیوں کا عقیدہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے بعد بگڑا۔ مگر یہ غلط خیال ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی بعدیت حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی وفات سے ہوئی۔ کیونکہ بعدیت کے واسطے ضروری نہیں کہ موت ہی سے ہو کیونکہ روزمرہ کا مشاہدہ ہے کہ ایک شخص ولایت یا ایک شہر سے غیر حاضر وعید تو ہو جاتا ہے۔ مگر مرتا نہیں زندہ رہتا ہے۔ مثلاً ایک شخص ولایت سے لاہور چلا آوے تو بعدیت تو واقع ہوجاتی ہے لیکن وہ زندہ رہتا ہے۔
پس حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا آسمان پر جانا بعدیت تو واقعہ کرتا ہے مگر موت کا مستلزم نہیں کہ ضرور مرکر ہی اپنی امت سے ان کو علیحدگی وبعدیت ہوئی۔ کیونکہ زندگی میں بھی بعدیت ہوتی ہے۔ پس حضرت عیسیٰ علیہ السلام کا یہ فرمانا کہ ’’جب تک میں ان میں رہا اس پر شاہد تھا اور جب تو نے مجھ کو ان کی نظروں سے غائب کردیا تب تو ہی ان پر نگہبان تھا۔‘‘ یہ بالکل سچ ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام جب زمین سے آسمان پر اٹھائے گئے تو پھر زمین والوں کے شاہد حال کس طرح نہیں ہوسکتے تھے۔ کیونکہ روز مرہ کا مشاہدہ ہے کہ اس دنیا میں اگر ایک شہر سے دوسرے شہر میں کوئی چلا جائے تو اس کو اس شہر کے باشندوں کی کچھ خبر نہیں رہتی۔ بلکہ ایک محلہ والوں کی دوسرے محلہ والوں کو خبر نہیں رہتی۔ پس حضرت عیسیٰ علیہ السلام بھی بعد رفع اپنی امت کی نگہبانی نہیں کرسکتے تھے اور یہ ان کا کہنا بجا ہوگا کہ جب میں ان میں نہ تھا تو ان کے بگڑنے کا ذمہ دار نہیں۔
حضرت ابن عباس ؓ جنہوں نے ’’متوفیک‘‘ کے معنی ’’ممیتک‘‘ کے کییٔ ہیں وہی ’’فلما توفیتنی‘‘ کے معنی ’’رفعتنی‘‘ کرتے ہیں۔ جس سے آپ کا تمام استدلال غلط ہوجاتا ہے کیونکہ آسمان پر جانے کی حالت میں وہ امت کے گواہ نہیں ان کے بعد امت بگڑی۔ ہم بھی مانتے ہیں کہ ان کے رفع کے بعد امت بگڑی۔ مگر یہ کیونکر درست ہوسکتا ہے کہ ان کے بعد امت کا بگڑنا ان کی وفات قبل از نزول کی دلیل ہے۔ کوئی دلیل ہے تو پیش کرو۔