ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جولائی 2007 |
اكستان |
|
بڑے بڑے اَساطین ِ علم و فضل اور اَصحاب ِ باطن آپ کے کمالات ِ علمیہ و عملیہ ، آپ کے زُہد و وَرع، تقوی و طہارت اور خوف وللّٰہیت کے معترف رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے جن کمالات سے آپ کو نوازا تھا وہ اِس دَور میں کمیاب بلکہ نایاب نظر آتے ہیں۔ زیر نظر کتاب ''جمالِ انور'' میں آپ کے کمالات ِ علمیہ و عملیہ کی ایک معمولی سی جھلک پیش کی گئی ہے۔ مولانا عبد القیوم حقانی صاحب جو پہلے بھی بہت سے بزرگوں کی سوانح تحریر فرماچکے ہیں۔ اُنہوں نے اپنے مخصوص اَنداز میں حضرت علّامہ انور شاہ صاحب کی سوانح حیات مرتب فرمائی ہے جس سے حضرت علّامہ مرحوم کی زندگی کے بہت سے گوشے سامنے آکر پڑھنے والوں کو دعوت ِ فکر و عمل دیتے ہیں۔ نام کتاب : فتنہ انکارِ حدیث تصنیف : مولانا محمد زمان صاحب کلاچوی صفحات : ٦٨ ناشر : القاسم اکیڈمی جامعہ ابوہریرہ خالق آباد، نوشہرہ قیمت : درج نہیں پیش ِ نظر رِسالہ میں مولانا موصوف نے مشہور منکرِ حدیث تمنا عمادی کے مقالہ ''تحریک ِحدیث'' کا جواب تحریر فرمایا ہے۔ تمنا عمادی نے اپنے مقالہ میں اِنتہائی دَجل و تلبیس سے کام لیتے ہوئے انکارِ حدیث کی راہ ہموار کی تھی اور بہت سے اِعتراضات و شبہات کے ذریعہ عوامُ الناس کے ایمان کو متزلزل کرنے کی کوشش کی تھی۔ مولانا موصوف نے اپنے اِس مختصر رِسالہ میں تمنا عمادی کے دَجل و فریب کو طشت اَز بام اور اِس کے شکوک و شبہات کا اِزالہ فرماکر ایمان و اِیقان بالحدیث کی راہ ہموار کی ہے۔ کیونکہ انکارِ حدیث کا فتنہ عام ہوتا جارہا ہے اِس لیے ضرورت ہے کہ علماء اِس فتنہ کے اِستیصال کی طرف بھرپور توجہ دیں تاکہ عوامُ الناس کے ایمان کے تحفظ و بقا کی صورت پیدا ہو، اِس حوالہ سے اِس رسالہ کا شائع ہونا مفید ہے۔ عوامُ الناس اِس سے ضرور اِستفادہ فرمائیں۔