مختلف نقوش2 کی دلالت مختلف حروف پر۔
۲۔ دلالتِ غیر لفظیہ طبعیہوہ دلالت ہے جس میں دال لفظ نہ ہو اور دلالت طبیعت کے تقاضے سے ہو۔ جیسے: گھوڑے کے ہنہنانے کی دلالت گھاس دانہ کی طلب پر۔
۳۔ دلالتِ غیر لفظیہ عقلیہوہ دلالت ہے جس میں دال لفظ نہ ہو اور دلالت عقل کے تقاضے سے ہو۔ جیسے: دھویں کی دلالت آگ پر۔
تمرین
بتاؤ امثلۂ ذیل میں کون سی دلالت ہے؟ اور دال کون ہے اور مدلول کیا ہے؟
۱۔ سر کا ہلانا۔ ہاں یا نہیں 3
۲۔ سرخ جھنڈی۔ ریل کا ٹھہرانا۔
۳۔ دھوپ۔ آفتاب
۴۔ اُوہ، اُوہ۔ رنج و صدمہ
۵۔ قلم 4
۶۔ تختی
۷۔ مدرسہ
۸۔ زید
۹۔ انسان۔
ساتواں سبق
دلالتِ لفظیہ وضعیہ کی قسمیں
منطق میں اعتبار صرف دلالتِ لفظیہ وضعیہ کا ہے، کیوں کہ بات سمجھنے سمجھانے میں اسی سے سہولت ہوتی ہے۔ دلالتِ لفظیہ وضعیہ کی تین قسمیں ہیں۔ دلالتِ مطابقِی، دلالتِ تضمُّنی، دلالتِ التزامی۔
۱۔ دلالتِ مطابقی وہ دلالت ہے جس میں لفظ اپنے پورے معنی1 موضوع لہٗ پر دلالت کرے۔ جیسے: انسان کی دلالت، حیوانِ ناطق پر اور چاقو کی دلالت پھل اور دستہ کے مجموعہ پر۔