۸۔ لوہا۔ چاقو
۹۔ تیز۔ چاقو
۱۰۔ تیز۔ تلوار۔
بارہواں سبق
کلی ذاتی کی قسمیں
کلی ذاتی کی تین قسمیں ہیں: جنس، نوع اور فصل۔
۱۔ جنس وہ کلی ذاتی ہے جو ایسی جزئیات پر بولی جائے جن کی حقیقتیں الگ الگ ہوں۔ جیسے: ’’حیوان‘‘ جنس ہے، کیوں کہ وہ انسان، بیل، بکری وغیرہ پر بولا جاتا ہے جن کی حقیقتیں الگ الگ ہیں۔
۲۔ نوع وہ کلی ذاتی ہے جو ایسی جزئیات پر بولی جائے جن کی حقیقت ایک ہو۔ جیسے: ’’انسان‘‘ نوع ہے کیوں کہ وہ زید، عمر، بکر وغیرہ پر بولا جاتا ہے، جن کی حقیقت ایک ہے۔
۳۔ فصل وہ کلی ذاتی ہے جو ایسی جزئیات پر بولی جائے جن کی حقیقت ایک ہو اور وہ دوسری حقیقتوں سے اس حقیقت کو جدا کرے۔ جیسے: ’’ناطق‘‘ انسان کا فصل ہے، کیوں کہ وہ زید، عمر، بکر وغیرہ پر بولا جاتا ہے جن کی حقیقت ایک ہے اور وہ انسان کو دوسری حقیقتوں سے یعنی بیل، بکری وغیرہ سے جدا بھی کرتا ہے۔
تمرین
ذیل میں دو دو چیزیں لکھی جاتی ہیں بتاؤ کون کس کے لیے جنس یا نوع یا فصل ہے؟
۱۔ حیوان۔ فرس
۲۔ جسم نامی ۔ درخت انار
۳۔ حیوان۔ حساس
۴۔ فرس۔ صاہل
۵۔ جسم مطلق۔ فرس
۶۔ حمار۔ ناہق