جواب میں جسْمٌ نہیں آئے گا کیوں کہ وہ تمام مشترک نہیں ہے۔ اور اگر سوال میں درخت کو بھی شامل کرلیا جائے اور پوچھا جائے کہ انسان، بیل، بکری اور درخت کی حقیقت کیا ہے؟ تو جواب میں جسم نامي آئے گا، کیوں کہ اب چاروں میں یہی حقیقت مشترکہ ہے اور اگر پتھر کو بھی سوال میں شامل کر لیا جائے تو جواب میں صرف جِسْمٌ آئے گا، کیوں کہ اب یہی حقیقت مشترکہ ہے۔
تمرین
درج ذیل سوالات کے جواب دو۔
۱۔ انسان اور گھوڑا کیا چیز ہیں؟ ۲۔ گھوڑا اور بکری کیا ہیں؟
۳۔ درخت انگور اور پتھر کی حقیقت کیا ہے؟ ۴۔ آسمان، زمین اور زید کیا ہیں؟
۵۔ سورج، چاند اور آم کا درخت کیا چیز ہیں؟ ۶۔ مکھی، چڑیا اور گدھا کیا ہیں؟
۷۔ انسان کی حقیقت کیا ہے؟ ۸۔ گھوڑے کی ماہیت کیا ہے؟
۹۔ گدھے کی حقیقت کیا ہے؟ ۱۰۔ بکری اینٹ اور پتھر کیا ہیں؟
۱۱۔ پانی ہوا اور حیوان کیا ہیں؟
پندرہواں سبق
جنس اور فصل کی قسمیں1
جنس کی دو قسمیں ہیں: جنسِ قریب اور جنسِ بعید۔
۱۔ جنس قریب وہ جنس ہے کہ اگر اس کی جزئیات میں سے دو یا زیادہ 1کو لے کر سوال کیا جائے تو جواب میں وہی جنس آئے۔ جیسے: حیوان، انسان کی جنس قریب ہے، کیوں کہ حیوان کے افراد میں سے جن دو یا زیادہ کو لے کر سوال کیا جائے گا تو جواب میں حیوان ہی آئے گا۔
۲۔ جنس بعید وہ جنس ہے کہ اگر اس کی جزئیات میں سے کسی بھی دو یا زیادہ کو لے کر سوال کیا جائے تو جواب میں اس جنس کا آنا ضروری نہ ہو، بلکہ جواب میں کبھی تو وہ جنس آئے اور کبھی کوئی دوسری چیز آئے۔ جیسے: جسمِ نامي انسان کی جنسِ بعید ہے، کیوں کہ اگر انسان، گھوڑے اور درخت کو ملاکر سوال کریں گے تو جواب میں جسم نامي آئے گا، لیکن اگر صرف انسان اور گھوڑے کے بارے میں سوال کریں تو جواب میں حیوان آئے گا، جسم نامي نہیں آئے گا۔