ماہنامہ انوار مدینہ لاہور فروری 2014 |
اكستان |
|
حاصلِ مطالعہ ( حضرت مولانا نعیم الدین صاحب ،اُستاذ الحدیث جامعہ مدنیہ لاہور ) قوتِ حافظہ اللہ کی عطا ہے : قوتِ حافظہ اللہ کی عطا ہے وہ جسے چاہتے ہیں یہ قوت عطا فرمادیتے ہیں، ماضی بعید میں ایسے لوگ سننے میں آتے تھے جو بے مثال حافظے کے مالک ہوتے تھے آپ شاید یہ سن کر حیران ہوں کہ آج کل کے دور میں بھی ایسے حافظے والے موجود ہیں جنہیں دیکھ عقل دنگ رہ جاتی ہے۔ اِنڈیا سے شائع ہونے والے ماہنامہ ''معارف'' میں مصر سے ایک گیارہ سالہ بچے کے بارے میں ایک خبر شائع ہوئی ہے جسے پڑھ کر حیرانگی ہوئی۔ مناسب معلوم ہوا کہ ہمارے قارئین بھی اِس سے مطلع ہو کر اللہ تعالیٰ کی قدرت کا مشاہدہ کریں۔ آیة من آیات اللّٰہ مصر کے سیّد مصطفی کی عمر کل گیارہ برس کی ہے لیکن خدادا صلاحیت، قوتِ حافظہ اور محنت ِشاقہ کی بدولت اُس نے تین ماہ میں قرآنِ مجید اور چھ مہینوں میں قرا ئٰ تِ عشرہ پر مشتمل مکمل قرآن حفظ کر لیا، یہ کار نامہ بے مثال کہا جائے گا، اِتنا ہی نہیں اُس نے چالیس دِنوں میں بخاری، مسلم اور مفردات البخاری کی گیارہ ہزار حدیثیں بھی یاد کر ڈالیں۔ تحفة الاطفال ،متن الجزریہ الشاطبیہ، الدرہ، الفیہ اِبن مالک، لدنیہ اِبن قیم اور جلالین وغیرہ جیسی مشکل ترین کتابیں بھی اُس نے اَز بر کر لی ہیں اِن دونوں وہ توریت اور اِنجیل کے مختلف نسخوں کو یاد کرنے اور اِنٹرنیٹ اور ٹی وی پر قرا ئٰ تِ عشرہ کے اُصول علم العروض، حنفی و شافعی فقہ اور قرآنِ مجید کے رسم ِ خط پر دَرس و تدریس میں مصروف ہے۔