ماہنامہ انوار مدینہ لاہور فروری 2014 |
اكستان |
|
حرف آغاز نَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِےْمِ اَمَّابَعْدُ ! گزشتہ شمارہ میں ہم نے دسمبر میں منعقد ہونے والی سہ روزہ'' امن ِ عالم کانفرنس'' کے اَحوال نذرِ قارئین کیے تھے،یہ کانفرنس دیوبند اور دہلی میں منعقد ہوئی تھی۔حضرت شیخ الہند کی فکر کو تازہ اور نئی نسل کو بیدار کرنے کی خاطر اِس اِجلاس سے قبل سال بھر پورے ہندوستان میں مختلف مقامات پر سو کے لگ بھگ جلسے اور کانفرنسیں کی گئیں۔ اِسی طرح پاکستان میں بھی ملک کے بڑے بڑے شہروں میں جمعیة علمائِ اِسلام کی زیرِ سرپرستی ''اِسلام زِندہ باد''اور حضرت شیخ الہند کے حوالے سے تمام سال بڑے بڑے جلسے منعقد کیے گئے ، سال کے اِختتام پر دسمبر میں دیوبند اور دہلی میں یہ عالمی اور مرکزی اِجلاس منعقد ہوا۔ اپنے اِس سفر کی سرگزشت اپنی طرف سے تحریر کرنے کے بجائے میں نے یہ زیادہ بہتر خیال کیا کہ اس کا تحریری مواد بعینہ شائع کر دیا جائے جو بہت سے فوائد کے ساتھ ساتھ تاریخی اِعتبار سے بھی زیادہ پائیدار اور مفید رہے گالہٰذا اِس اِداریہ میں ہم حسب ِوعدہ اس اِجلاس سے متعلق بقیہ تحریری مواد شائع کررہے ہیں تاکہ کانفرنس کے عظیم اور مبارک مقاصد،پس منظر و پیش منظرجریدہ اَنوار مدینہ کے توسط سے قارئین کرام کی خدمت میں بعینہ پیش کر دیے جائیں۔