ماہنامہ انوار مدینہ لاہور فروری 2003 |
اكستان |
|
عورت چاہے تو شوہر اور پورے گھر کو دیندار بنادے : فرمایا عورت کے حالات کا پورے گھر پر اثر پڑتا ہے ۔اگر عورت دیندار ہے تو دوسری عورتوں کو بھی دیندار بنا دے گی اگر عورت آزاد بے پردہ ہے تو ایک کے آنے سے پورا ماحول گندہ ہو جا ئیگا۔ ایک جگہ کا قصہ ہے کہ ایک تحصیل دار صاحب تھے ان کی شادی ایک صاحب کی لڑکی سے ہوئی جو حضرت تھانوی سے بیعت تھے بڑے دیندار تھے ان کی دینداری کی شہرت تھی رشتہ ہو ااور رخصتی ہو گئی رخصتی کے بعد آتے ہی سب سے پہلے گھر میں دوسری عورتوں سے اُس نے سلام کیا ۔نئی دلہن کے لیے سلام کرنا پڑے عار کی بات سمجھتے ہیں عورتوں کو بڑاتعجب ہوا کہ بڑی بے حیا معلوم ہوتی ہے ۔جب نماز کا وقت آیا تو اس نے خود ہی پانی مانگا وضو کیا اور دوسری عورت سے کہاکہ آپ لوگ بھی نماز پڑھیں سب کو وضو کرایا نماز پڑھائی ۔عورتوں میںچرچا ہوا یہ تو بڑی بے حیا ہے ابھی سے ٹک ٹک باتیں کرتی ہے۔ اس واسطے کہ اس وقت عورتوں کے ماحول میں نئی دلہن کے لیے بولنا جرم تھا پانی بھی نہیں مانگ سکتی دوسری عورت ساتھ جاتی تھی اگر پانی کی ضرورت ہوتی تو پہلے اس سے کہتی وہ لا کر دیتی ۔اب کھانے کا وقت آیا ناشتہ کھانا سامنے لایا گیا تو کھانے سے انکار کر دیا ۔بہت اصرار کیا گیا تب بھی نہ کھایا ۔اب بات پھیلی کہ بہو کچھ کھاتی نہیں ۔جب زیادہ اصرار کیا گیا تو کہااچھا جس سے میرا رشتہ ہوا ہے اُن کو بلا دیجئے ان سے تھوڑی بات کرنا چاہتی ہوں ۔عورتوںمیں ہائے ہائے مچ گئی کہ یہ کیسی بے حیا ہے ابھی سے شوہر سے سب کے سامنے بات کرتی ہے، بڑی بے شرم ہے ۔شوہر کو بلایا گیا اس نے پوچھا کیا بات ہے ؟ جواب دیا کہ مجھے معلوم ہواہے کہ آپ رشوت لیتے ہیں اور رشوت کھانا حرام ہے اس کوتو میںنہیں کھائوں گی۔میںآپ سے مطالبہ نہیں کرتی گھر قریب ہے میں اپنا خرچ چلالوں گی گفتگو ہوتی رہی شوہر نے کہا کہ اس میں میری بدنامی ہے ۔بیوی نے جواب دیا کہ اس میں آپ کی بدنامی معلوم ہورہی ہے اور قیامت میںجو رُسوا ئی ہوگی اس کا خیال نہیں ۔ شوہر نے توبہ کی آئندہ کے لیے عہد کیاکہ کبھی رشوت نہ لوںگا ۔اس کے بعد بیوی نے کھانے کی شرعی صورت بیان کی۔جب عورت دیندار ہوتی ہے تو شوہرکو دیندار بنا دیتی ہے اس کو دیکھ کر دوسری عورتیں دیندار ہوتی ہیں۔ وہ تحصیل دار صاحب بعدمیں بہت دیندار ہو گئے تھے چہرہ پر ڈاڑھی آگئی تھی میرے پاس کثرت سے آتے تھے ،باندا میں بھی رہے ہیںبعد میںڈپٹی کلکٹر ہو گئے تھے ۔جب میںقربانی کے لیے جانور خریدنے جاتا تو میرے ساتھ ساتھ پیچھے پیچھے چلتے جب تک رہتا میرے ساتھ ہی رہتے ۔میں نے ان سے کہا آپ کی ذلت ہوتی ہے کہنے لگے یہ ذلت ہزار درجہ اس عزت سے اچھی ہے ۔اب بیچاروں کا انتقال ہوگیا ہے۔ بعد میں توبہت دیندار ہوگئے تھے واقعی جب عورت دیندار ہوتی ہے تومرد کو دیندار بنا سکتی ہے۔