ماہنامہ انوار مدینہ لاہور فروری 2003 |
اكستان |
|
''الحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائے ونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر ان کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرائد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں ۔(ادارہ) سلسلہ نمبر ٢ ـ قسط نمبر ١ شیخ العرب والعجم حضرت مولانا سید حُسین احمد مدنی رحمة اللہ علیہ گرمی ٔ ہنگامہ ہے تیری حسین احمد سے آج جن سے ہے پرچم روایا ت ِسَلَف کا سر بلند (مولانا ظفر علی خاںمرحوم) مولانا سیّد حسین احمد المدنی رحمہ اللہ ١٢٩٦ ھ / ١٩ شوال دو شنبہ او ر سہ شنبہ کی درمیانی شب میں گیارہ بجے تولد ہوئے، عیسوی ١٨٧٩ہو تا ہے ۔عربی سال کاتاریخی نام ''چراغ محمد '' ہے ۔بمقام بانگر مئو ،آبائی وطن موضع الٰہ داد پو ر تحصیل ٹانڈہ فیض آباد ہے۔ مدنی اس لیے کہا جاتا ہے کہ مدینہ منورہ مسجد نبوی میں عرصہ دراز تک درس دیتے رہے۔ والد صاحب مدینہ منورہ ہجرت فرما گئے تھے او ر خاندان کا ایک حصہ اب تک وہاں ہے کیونکہ چھوٹے اور بڑے بھائی سب وہیں رہے اب بھی چھوٹے بھائی قاضی سیّد محمود صاحب رحمہ اللہ کے صاحبزادے مدینہ منورہ کے نائب امیر (ڈپٹی گورنر ) ہیں اور اسی مناسبت سے حضرت مولانا کی اولاد مولانا اسعد صاحب و مولانا ارشد صاحب کا مدینہ منورہ آنا جانا اور قیام کرنا جاری ہے۔ ١ ان کا اسم گرامی سیّد حبیب محمود صاحب مدنی ہے، افسوس کہ مدینہ منورہ میں گز شتہ رمضان المبارک کی ٧ تاریخ کو خالق حقیقی سے جا ملے اور جنت البقیع میں مدفون ہوئے ۔اللّٰھم اغفرلنا ولہ ۔محمود میاں غفرلہ