دوسری قسم کے سفر میں بالاتفاق سب کے نزدیک مضطر کو رخصت ملے گی ، البتہ پہلی قسم کے سفر میں رخصت ملنے نہ ملنے میں اختلاف ہے :
امام ابوحنیفہ :رخصت ملے گی ۔اِس لئے کہ نصوص عام ہیں ۔
ائمہ ثلاثہ :رخصت نہیں ملے گی ۔ اِس لئے کہ رخصت ایک نعمت ہے اور عاصی نعمت کا مستحق نہیں ۔(الفقہ الاسلامی :4/2605)
(6)ــــچھٹی بحث: حرام چیز کا تزوّد جائز ہے یا نہیں ؟
یعنی حالتِ اضطرار میں حرام کھانا تو جائز ہے لیکن کیا اُس کو زادِ راہ کے طور پر اپنے ساتھ رکھا جاسکتا ہے یا نہیں، اس میں اختلاف ہے :
امام ابو حنیفہ:سدِّ رمق کے لئے کھایا جاسکتا ہے ،زادِ راہ کے طور پر نہیں رکھا جاسکتا ۔
ائمہ ثلاثہ : زاد ِ راہ کے طور پر رکھا جاسکتا ہے ۔(الفقہ الاسلامی :4/2614)
(7)ــــساتویں بحث :کیا مضطر شراب پی سکتا ہے ؟
امام ابوحنیفہ :اضطرار کی حالت میں شراب بھی پی جاسکتی ہے ۔
ائمہ ثلاثہ :شراب نہیں پی جاسکتی ۔(الموسوعة الفقهية الكويتية:5/160)
حیوانات کی اقسام :
تولّد اور سکونت کے اعتبار سے حیوانات کی تین قسمیں ہیں :
(1)الحیوان البرّی :خشکی کے جانور ۔
(2)الحیوان المائی :سمندری جانور ۔
(3)الحیوان البرمائی :خشکی اور پانی دونوں میں رہنے والے جانور ۔(الفقہ الاسلامی :4/2791)