(6)ــــچھٹی بات : کراہیت سے کون سی کراہیت مراد ہے ۔
لہسن اور پیاز کھاکر مسجد جانے میں کراہیت کس درجہ کی ہے ، اس میں دو قول ہیں :
اہلِ ظاہر :مکروہ تحریمی ہے ۔
جمہور ائمہ کرام :مکروہ تنزیہی ہے ۔( فتح الباری :9/575)
کراہیۃ القِران بین التمرتین ،دو کھجوریں ایک ساتھ کھانا :
نبی کریم ﷺ نے اجتماعی طور پر کھانے کا ادب یہ بیان کیا ہے کہ ایک ساتھ دو دو کھجوریں نہ اُٹھائی جائیں ، کیونکہ اِس سے ساتھ میں کھانے والوں کے ساتھ زیادتی ہوتی ہے ۔
قِران بین التمرتین کا مطلب :
حدیث میں اگرچہ دو دو کھجوریں ایک ساتھ اُٹھانے سے منع کیا گیا ہے ، لیکن یہ صرف کھجوروں کے ساتھ خاص نہیں ، بلکہ اِس میں ہر وہ عمل داخل ہے جس سے ساتھ میں کھانے والے کے ساتھ زیادتی ہو تی ہو ، مثلاً:
(1)جلدی جلدی کھانا۔
(2)بڑے بڑے لقمے لینا ۔
(3)دو دو یا اِس سے زائد چیزیں ایک ساتھ اُٹھانا ۔
(4)کھانے کے اچھے حصے کو اپنی جانب کرلینا ۔
(5)مشترکہ ڈش میں سے اپنے لئے کھانے کا اچھا حصہ نکال لینا ۔
لیکن واضح رہے کہ یہ اُس وقت ممنوع ہوگا جب کھانا کم ہو اور مذکورہ بالا کاموں کی وجہ سے شرکاء کے ساتھ زیادتی ہو تی ہو ، اور اگر کھانا وافر مقدار میں ہو یا شرکاء کی طیبِ خاطر کے ساتھ اجازت سے مذکورہ کام کیے جائیں تو کوئی حرج نہ ہوگا ۔