فائدہ :حُمُر اہلیہ کی طرح خچر کے حکم میں بھی اختلاف ہے ، یعنی حضرت ابن عباس اِس کو جائز قرار دیتے ہیں ، امام مالک سے جائز اور ناجائز دونوں طرح کے اقوال ہیں اور ائمہ ثلاثہ اِس کے عدم جواز کے قائل ہیں ۔(الدر المنضود :57)
جَراد یعنی ٹڈی کا حکم :
ٹڈی بالاتفاق حلال ہے ، البتہ اگر اس کے حلال ہونے کے لئے ذبح ضروری ہے یا نہیں ، اس میں اختلاف ہے :
امام مالک : ذبح ضروری ہے ۔
ائمہ ثلاثہ : ذبح ضروری نہیں ، از خود بھی مر جائے تو حلال ہے ۔(تحفۃ الالمعی :5/166)
جَلَّالَہ یعنی گندگی کھانے والے جانور کا حکم :
تعریف :هِيَ الْحَيَوَانُ الَّذِي يَأْكُلُ الْعَذِرَۃ جَلّالَہ اُس جانور کو کہا جاتا ہے جو گندگی کھاتا ہو ۔
گندگی کھانے کے بارے میں کس چیز کا اعتبار ہے ، اس میں دو قول ہیں :
(1)قلّت و کثرت کا اعتبار ہے ۔یعنی زیادہ تر گندگی کھاتا ہو تو وہ جَلَّالہ ہے ورنہ نہیں ۔
(2)گوشت ، دودھ اور پسینے سے بد بو آنے کا اعتبار ہے ، بد بو نہ ہو تو وہ جَلّالہ نہیں ۔(تحفۃ الاحوذی :5/446)
راجح یہ معلوم ہوتا ہے کہ دونوں میں سے کوئی بھی صورت پائی جائے گی تو وہ جَلّالہ کہلائے گا ۔(از مرتب)
حکم :اس کے حکم میں اختلاف ہے :
امام مالک:حلال ہے ۔
ائمہ ثلاثہ :حرام ہے ۔