ولیمہ میں کتنا خرچ کیا جائے :
و المستحب انھا علی قدر الزوج ۔ اپنی حیثیت کے مطابق جو میسر آجائے اُس سے ولیمہ کیا جاسکتا ہے ۔ آپ ﷺ کا کم قیمت اور بیش قیمت ، دونوں طرح ولیمہ کرنا ثابت ہے ۔(بذل المجہود :10/128)
حلال و حرام جانور
کھانے پینے کی حرمت کے اسباب:
کسی چیز کا کھانے یا پینے کے حرام ہونے کے اسباب مختلف ہوتے ہیں ، فقہاء کرام نے حرمت کی جو تعلیلات ذکر کی ہیں ، اُن پر غور کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ پانچ اسباب ہیں :
(1)الضَّرَرُ:
یعنی وہ چیز جو کھانے پینے میں صحت ، جسم اور عقل کے لئے مُضر ہو ، جیسے اشیاءِ سامّہ اور اشیاءِ ضارّہ ، یعنی زہریلی چیزیں اور نقصان پہنچانے والی چیزیں ۔پس سانپ ، بچھو بھڑ وغیرہ اشیاء سامّہ میں اور کوئلہ ، مٹی ، پتھر وغیرہ اشیاء ضارّہ میں داخل ہونے کی وجہ سے کھانا درست نہیں ۔
(2)الإْسْكَارُ:
یعنی وہ چیزیں جو نشہ آور ہیں ، جن سے انسان کی عقل اور ہوش و حواس متاثر ہوتے ہیں ۔ پس شراب ، بھنگ اور افیون وغیرہ سب مُسکرات ہونے کی وجہ سے حرام ہیں ۔