ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اگست 2012 |
اكستان |
|
مکتوب ِگرامی حضرت مولانا مفتی محمود صاحب بنام حضرت اَقدس بانی ٔجامعہ حضرت رحمة اللہ علیہ کے مضمون کے اِختتام پر مناسب معلوم ہوتا ہے کہ حضرت اَقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب کے نام حضرت مولانا مفتی محمود صاحب کا یادگار تاریخی مکتوب جو دونوں بزرگوں کے باہمی تعلق ومحبت کی عکاسی کررہا ہے نذر ِقارئین کر دیا جائے۔(محمود میاں غفرلہ) باسمہ تعالیٰ حامداً مصلیًا مسلمًا الاعز الارشد الفاضل الجلیل ذوالمجد الاثیل المولوی حامد میاں بورک فی درجاتکم السلام علیکم ورحمةاللہ وبر کاتہ مزاج گرامی خیریت طرفین مسئول عرصہ ہوا ہے کہ اَحقر کو معلوم ہوا کہ آپ اپنے محبوب وطن ،والد ِمحترم ودیگر اَقارب و اَکابر کو خیر باد کہہ کر دیار ِپاک سے تشریف لاکر لاہور میں رَونق اَفروز ہیں ۔اِس حقیر کا فریضہ تھا کہ اِطلاع پاتے ہی آپ کی خبرگیری کرتا اَوراپنی حقیر خدمات سے آپ کی دِل جوئی کرتا لیکن ساتھ ساتھ یہ بھی معلوم ہوا کہ آپ مدرسہ اَشرفیہ میں خدمت ِتدریس میں مصروف ہو چکے ہیں اِس لیے کچھ اِطمینان بھی ہوا اَور یہ اِطمینان اِس کا باعث ہوا کہ سُرعت سے عریضہ نہ پیش کر سکا ۔