ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2011 |
اكستان |
|
علمی مضامین سلسلہ نمبر٤٦ ''اَلحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اَقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر اِن کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔ (اِدارہ) مرد کی دِیت کامل اَور عورت کی نصف ہو گی اِس کی حکمت ؟ ٣٠ اگست ١٩٨٤ء کے ''مِلّی ایڈیشن نوائے وقت'' کے مطالعہ سے یوں اَندازہ ہوتا ہے کہ عورت کی دیت کے متعلق اَب تک جو ائمہ اَربعہ نے طے کیا تھا وہ صحیح نہیں تھا آج اگر اُس پر عمل کیا جائے تو بین الاقوامی سطح پر عالمی حقوق کے تناظر میں اِسلامی آئین کی بدنامی ہوگی۔ یہ دُوسری بات ہی اَصل چیز ہے جس کے لیے بعض اَذہان اِس طرف چل نکلتے ہیں کہ وہ اِسلام کے ثابت شدہ اُصول کو غیر ثابت قرار دینا سہل سمجھتے ہیں، یہ خود بخود ہی گھر میں بیٹھے شرمندگی اَو ر ندامت میں مبتلاء ہوجاتے ہیں کہ ترقی یافتہ دُنیا ہم پرہنسے گی اِس لیے یہ بات نہ کرو۔ مگر کیا اِس سے کوئی فائدہ ہو سکتا ہے، ہر گز نہیں، وہ معترضین ایک بات چھوڑ کر کوئی سی اَور بات پکڑ لیں گے۔ اللہ تعالیٰ کا اِرشاد ہے : وَلَنْ تَرْضٰی عَنْکَ الْیَھُوْدُ وَلَاالنَّصَارٰی حَتّٰی تَتَّبِعَ مِلَّتَھُمْ ۔ (پارہ ١ سُورہ ٔ بقرہ آیت نمبر ١٢ ) ''اَور ہرگز راضی نہ ہوں گے تم سے یہود اَور نہ نصارٰی جب تک تم اُن کے دین کے تابع نہ ہو۔''