ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2003 |
اكستان |
|
مسئلہ : معذور کی اقتداء معذور کے پیچھے درست ہے بشرطیکہ دونوں ایک ہی عذر میں مبتلا ہوں ۔مثلاً دونوں کو سلسل البول ہو یا دونوں کو خروجِ ریح کا مرض ہو۔ مسئلہ : اُمیّ کی اقتداء اُمّی کے پیچھے درست ہے بشرطیکہ مقتدیوںمیں کوئی قاری نہ ہو اور اُمی وہ شخص ہوتا ہے جو فرض قرأت کی مقدار یعنی قرآن مجید کی ایک آیت زبانی نہ پڑھ سکتا ہو اور قاری سے مراد وہ شخص ہے جو فرض قرأت کی مقدار زبانی پڑھ سکے۔ مسئلہ : عورت یا نا بالغ کی اقتداء بالغ مرد کے پیچھے درست ہے۔ مسئلہ : عورت کی اقتداء عورت کے پیچھے درست ہے۔ مسئلہ : نابالغ عورت یا بالغ مرد کی اقتداء نابالغ مرد کے پیچھے درست ہے۔ مسئلہ : نفل پڑھنے والے کی اقتداء واجب پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے ۔مثلاً کوئی ظہر کی نماز پڑھ چکا ہو اور وہ کسی ظہر کی نماز پڑھنے والے کے پیچھے نماز پڑھے ۔ مسئلہ : نفل پڑھنے والے کی اقتداء نفل نماز پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے ۔ مسئلہ : قسم کی نماز پڑھنے والے کی اقتداء نفل نماز پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے اس لیے کہ قسم کی نماز بھی فی نفسہ نفل ہے۔ یعنی ایک شخص نے قسم کھائی کہ میںدورکعت نماز پڑھوں گا اور پھر کسی نفل پڑھنے والے کے پیچھے اس نے دورکعت نماز پڑھ لی تو نماز ہوجائیگی اور قسم پوری ہوجائے گی ۔نذر کی نماز پڑھنے والے کی اقتداء نذر کی نماز پڑھنے والے کے پیچھے درست ہے بشرطیکہ دونوں کی نذر ایک ہو مثلاً ایک شخص کی نذر کے بعد دوسرا شخص کہے کہ میں نے بھی اس چیز کی نذر کی جس کی فلاں شخص نے نذر کی ہے اور اگر یہ صورت نہ ہو بلکہ ایک نے دو رکعت کی مثلاً الگ نذر کی اور دوسرے نے الگ تو چونکہ ہر ایک کی نذر جدا جدا ہے اس لیے ہر ایک کی نماز بھی جدا جدا ہوئی ۔اس وجہ سے ان میں سے کسی ایک کو دوسرے کو اقتداء درست نہیں۔ تنبیہ : وہ صورتیں جن میں مقتدی کی حالت امام سے زیادہ قوی ہو خواہ یقینا خواہ احتمالاً اور اقتداء درست نہ ہوگی۔ مسئلہ : بالغ کی اقتداء خواہ مرد ہو یا عورت نابالغ کے پیچھے درست نہیں ۔ مسئلہ : مرد کی اقتداء خواہ بالغ ہو یا نابالغ عورت کے پیچھے درست نہیں۔ مسئلہ : خنثی کی اقتداء عورت کے پیچھے درست نہیں اس خیال سے کہ شاید وہ خنثی مردہو۔ مسئلہ : ہوش وحواس والے کی اقتداء مجنون ،مست ،بے ہوش اور بے عقل کے پیچھے درست نہیں ۔ مسئلہ : طاہر کی اقتداء معذور کے پیچھے مثل اس شخص کے جس کو سلس البول وغیرہ کی شکایت ہو درست نہیں۔