ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2003 |
اكستان |
|
بیس رکعا ت تراویح........... ا حادیث ِمبارکہ کی روشنی میں ( حضرت مولانا منیر احمد صاحب ) سرورِ کائنات ۖ سے تراویح کے بارے میں پانچ قسم کی حدیثیں مروی ہیں : (١) وہ حدیثیں جن میں قیام رمضان کی فضیلت وترغیب ہے ۔حضرت ابوہریر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ۖ قیام رمضان (یعنی تراویح)کی ترغیب دیتے تھے مگر وجوب ولزوم کے طورپر حکم نہ دیتے تھے آپ ۖ فرماتے جس شخص نے ایمان واخلاص کے ساتھ قیام رمضان کیا اس کے گزشتہ گناہ بخش دیے گئے ۔حضرت سلمان فارسی کی حدیث میں بھی یہ فضیلت مذکور ہے ۔ (٢) وہ احادیث جن میں نبی کریم ۖ کی رمضان کی راتوں میں کثرتِ عبادت کاذکر ہے ۔حضرت عائشہ فرماتی ہیں کہ جب رمضان کا مہینہ آتا تو رسول اللہ ۖ رمضان کے ختم ہونے تک اپنے بستر پر تشریف نہ لاتے ۔نیز فرماتی ہیں کہ آپ ۖرمضان کے اندر عبادت میں وہ محنت کرتے جو غیر رمضان میں نہ کرتے یہ بھی فرماتی ہیں کہ جب ماہ رمضان آتاتو آپ ۖ کا رنگ متغیر ہو جاتا ،نماز زیادہ ہوجاتی اورجب آخری عشرہ داخل ہوتا تو تہبند کس لیتے اورخود شب بیداری کرتے اور ا پنے گھر والوں کو بھی جگاتے ۔ (٣) وہ احادیث جن میں رسول اللہ ۖ کے مسجد میں تراویح باجماعت پڑھانے کا ذکر ہے مگر ان میںتراویح کی تعداد مذکور نہیں ۔ حضرت ابوذرغفاری فرماتے ہیں کہ ہم نے رسول اللہ ۖکے ساتھ روزے رکھے آپ نے ہمیں تراویح نہ پڑھائی حتی کہ جب سات راتیں(٢٣تا٢٩)باقی رہ گئیں توآپ نے ہمیں تہائی رات تک نماز پڑھائی جب چھٹی رات ہوئی (یعنی ٢٤ رمضان ) تو آپ نے ہمیں نماز نہ پڑھائی اور جب پانچویں رات ہوئی( یعنی ٢٥ رمضان ) تو آپ نے ہمیں نماز پڑھائی نصف رات تک ۔جب چوتھی رات ہوئی (یعنی ٢٦رمضان)تو آپ نے نماز نہ پڑھائی پھر جب تیسری رات ہوئی (یعنی ٢٧رمضان)تو آپ نے اپنے اہل کو نیز عورتوں اورمردوں کو جگایا آپ نے اتنا لمبا قیام کیا کہ ہمیں سحری کے فوت ہونے کا ڈر ہوا۔بالفاظِ مخلتفہ یہ حدیث حضرت عائشہ ،حضرت زید بن ثابت اور حضرت نعمان بن بشیر سے بھی مروی ہے ۔ان میں یہ بھی ہے آپ نے فرمایا کہ میں نے تراویح کی جماعت اس لیے ترک کردی ہے کہ کہیں تم پر فرض نہ ہوجائے سو اے لوگوتم اپنے گھروں میں نماز پڑھا کرو کیونکہ فرض نماز کے علاوہ آدمی کی افضل ترین نماز وہ ہے جو وہ اپنے گھر میں پڑھتا ہے ۔ حضرت ابوہریرہ کی ایک حدیث میں ہے کہ آپ نے مسجد میں صحابہ کرام کو باجماعت تراویح پڑھتے دیکھا تو فرمایا احسنوا واصابوا ان لوگوں نے اچھا کیا ا ور درست کیا۔