ماہنامہ انوار مدینہ لاہورستمبر 2002 |
اكستان |
|
حرف آغاز نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم امابعد ! امریکی محکمہ دفاع کے تھینک ٹینک کی جانب سے گزشتہ ماہ ایک بیان جاری کیا گیا ہے جس میں سعودی عرب کو امریکہ کا سب سے بڑا دشمن اور شیطانی طاقت قرار دیا گیا ہے ۔امریکی روزنامہ'' واشنگٹن پوسٹ'' کی رپورٹ کے مطابق جولائی کے مہینہ میں پینٹاگون کی ایک میٹنگ میں کہا گیا ہے کہ ''سعودی عرب ہمارے دوستوں کے خلاف مہم میں پیش پیش ہے وہ دہشت گردوں کی سرپرستی کرتا ہے اور برائی کا سرچشمہ ہے۔'' پینٹا گون کی طرف سے بش حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ'' اگر عراق کے خلاف امریکہ کی ممکنہ کارروائی میں سعودی عرب ا س کا ساتھ نہ دے تو اس کے تیل کے ذخائر اور بیرون ملک اثاثوں کو تباہ کر دیا جائے''۔ راس الکفر امریکہ کی جانب سے مسلمانوں کے روحانی مرکز کے خلاف ان ناپاک عزائم کا اظہارخدا اور اس کے رسول کے احکامات کو پیش نظر رکھنے والے اہل حق علما ء و صلحا ء کی نظر میں نہ تو تعجب کی چیزہے اور نہ کوئی نئی بات البتہ امریکہ کے ظاہر بین اتحادیوں کے لیے ضرور تعجب کی چیز ہو سکتا ہے بلکہ خود سعودی حکمرانوں کے لیے بھی حیرت کی چیز ہو سکتا ہے جو کہ ہمیشہ سے امریکہ کے قریبی دوست رہے ہیں اور اس پر اندھا اعتماد کرتے چلے آ رہے ہیں اور ا س اعتمادکی آڑ میں اہلِ کفر نے ان پر غفلت کی ایسی چادر اُڑھادی کہ کفر کی مسلمانوں سے ازلی د شمنی سے متعلق خدا اور رسول کی واضح ہدایات ان کی نظروں سے اوجھل ہو گئیں۔ وہ ان کو اپنا مخلص دوست بنا بیٹھے اور اپنے دین اور وطن کے دفاع سے آنکھیں موند لیں