ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اکتوبر 2017 |
اكستان |
|
علمی مضامین سلسلہ نمبر١٥ قسط : ١ ''خانقاہِ حامدیہ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے محدث ، فقیہ، مؤرخ، مجاہد فی سبیل اللہ،مؤلف کتب کثیرہ شیخ الحدیث حضرت اَقدس مولانا سیّد محمد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم مضامین جو تاحال طبع نہیں ہوسکے اُنہیں سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ اُن کی نوع بنوع خصوصیات اِس بات کی متقاضی ہیں کہ اِفادۂ عام کی خاطر اُن کو شائع کردیا جائے۔ اِسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اَخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔ (اِدارہ)صالح جمہوریت اور تعمیر جمہوریت تعلیمات ِ قرآنِ پاک کی روشنی میں ( شیخ الحدیث حضرت مولانا سیّد محمد میاں صاحب )سنگ ِ بنیاد اور حقیقی روح : ''اے انسانوں ! ہم نے تم کو پیدا کیا ایک مرد اور ایک عورت سے اور رکھ دئیے تمہارے گوت اور قبیلے اس لیے کہ ایک دوسرے کو پہچان سکو ،اللہ کے یہاں سب سے باعزت وہ ہے جو سب سے زیادہ تقوی والا ہو۔'' (سورۂ حجرات : ١٣) ایک دوسری آیت میں مرد اور عورت کی'' دوئی'' کو ''اکائی'' کر دیا گیا ہے۔ ''اے لوگو ! ڈرتے رہو اپنے پرور دگار سے جس نے تم کو پیدا کیا ایک جان سے اور اسی ایک جان سے اس کا جوڑا بنایا پھر اس جوڑے کے دو فرد سے کثیر تعداد میں مرد اور عورتیں پھیلادیں۔'' (سورۂ نساء : ١)