حقوق الوالدین |
ہم نوٹ : |
پیش لفظ مرشدی و مولائی، محبی و محبوبی، مجدد و غوثِ زماں شیخ العرب والعجم عارف باللہ حضرت اقدس مولانا شاہ حکیم محمد اختر صاحب دامت برکاتہم والطافہم کا یہ وعظ مسمیٰ بہ ’’حقوق الوالدین‘‘ ۲۷ صفر المظفر ۱۴۱۲ھ مطابق ۶ ستمبر ۱۹۹۱ء بروز جمعہ جامع مسجد اشرف میں ہوا، اس وعظ میں حضرت والا نے آیت وَقَضٰی رَبُّکَ اَلَّا تَعْبُدُوْا الخ کی تشریح اپنے خاص عالمانہ وعارفانہ و عاشقانہ انداز میں بیان فرمائی اور آیت ہٰذا میں والدین کی عظمت، ان کے حقوق اور ان کے ساتھ حسنِ سلوک پر اللہ تعالیٰ کے ارشاداتِ عالیہ کو مفصل بیان فرمایا۔ نیز اس وعظ میں حضرت والا کے ایک مطبوعہ وعظ ’’عزیز و اقارب کے حقوق‘‘ میں سے بھی کچھ حصہ بعض ضروری توضیحات کے ساتھ بغرضِ جامعیت شامل کیاگیا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس وعظ کو قیامت تک امت کےلیے نافع فرمائیں اور حضرت والا دامت برکاتہم کو صحتِ کاملہ عاجلہ مستمرہ عطا فرمائیں اور حضرت والا دامت برکاتہم کا سایۂ عاطفت ہمارے سروں پر تاحیات قائم رکھیں، آمین۔ احقر سید عشرت جمیل میر عفا اللہ عنہ ۱۰ ربیع الاوّل ۱۴۳۴ھ مطابق ۳۳ جنوری ۲۰۱۳ء اشاعت ثانی: اس اشاعتِ ثانی میں حضرت والا دامت برکاتہم کا ایک اور وعظ بطور ضمیمہ کے شامل کیا گیا ہے، جو ۹ ذوالحجہ ۱۴۲۲ھ، مطابق ۱۴ مارچ ۲۰۰۲ء بروز جمعرات ہوا۔ اس وعظ میں آیت رَبِّ ارْحَمْھُمَا... الخ کے انوکھے لطائف و معارف بیان ہوئے، جو اس سے پہلے کہیں سننے میں نہ آئے تھے۔ احقر میر عفا اللہ عنہ ۸ ربیع الثانی ۱۴۳۴ھ، مطابق ۱۹ فروری ۲۰۱۳ء