ماہنامہ انوار مدینہ لاہور فروری 2015 |
اكستان |
|
قسط : ١٤ اِسلام کیا ہے ؟ ( حضرت مولانا محمد منظور صاحب نعمانی رحمة اللہ علیہ ) ض ض ض نواں سبق : اچھے اَخلاق اور عمدہ صفات اچھے اَخلاق اور اَوصاف کی تعلیم بھی اِسلام کی بنیادی تعلیمات میں سے ہے اورلوگوں کی اَخلاقی اور رُوحانی اِصلاح ودرستی اُن خاص مقاصد میں سے ہے جن کے پورا کرنے کے لیے رسول اللہ ۖ نبی بنا کر بھیجے گئے تھے، خود حضور ۖ کااِرشاد ہے : ''میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے اِس لیے بھیجاگیاہوں کہ عمدہ اَخلاق کی تعلیم دُوں اور اُنہیں مرتبۂ کمال تک پہنچاؤں ۔ '' اَچھے اَخلاق کی فضیلت اور اہمیت : اِسلام میں اچھے اَخلاق کی جو اہمیت اور فضیلت ہے اِس کا کچھ اَندازہ رسول اللہ ۖ کی مندرجہ ذیل حدیثوں سے کیا جا سکتا ہے ،حضور ۖ نے اِرشادفرمایا : ''تم میں بہترین لوگ وہ ہیں جن کے اَخلاق بہت اچھے ہیں۔'' ایک اورحدیث میں وارِد ہوا ہے رسول اللہ ۖ نے فرمایا : ''قیامت کے دِن میری نظرمیں سب زیادہ محبوب وہ شخص ہوگا جس کے اَخلاق سب سے اچھے ہوں گے۔'' ایک دُوسری حدیث میں رسول اللہ ۖ نے فرمایا : ''قیامت کے دِن اَعمال کے ترازو میں سب سے زیادہ وزن اچھے اَخلاق کا ہوگا۔''