ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جون 2010 |
اكستان |
|
نے آپ کو تین صاحبزادے اَور ایک صاحبزادی عطا فرمائیں۔ سب سے بڑے صاحبزادے حضرت مولانا عزیز احمد صاحب مدظلہم پھر حضرت مولانا خلیل احمد صاحب مد ظلہم تیسرے نمبر پر حضرت مولانا رشید احمد صاحب مدظلہم،اِن اہلیہ محترمہ کے اِنتقال کے بعد اَوّلًا آپ نے تجرد کا اِرادہ فرمایالیکن اَحباب کے اصرار سے حضرت قیوم زماں کی پوتی صاحبہ سے عقدثانی فرمایا۔ اللہ تعالیٰ نے اِن سے آپ کو صاحبزادہ سعید احمد صاحب مدظلہم اَور صاحبزادہ نجیب احمدصاحب مدظلہم عطا فرمائے۔دُوسری اہلیہ محترمہ کا اِنتقال بھی آپ کی حیات مبارکہ ہی میں ٢٤ جون ٢٠٠٥ء کو ہو گیا تھا۔ وفات حسرتِ آیات : مخدومِ زماں خواجہ خواجگان حضرت مولانا خواجہ خان محمد صاحب ویسے تو بتقاضائے عمر عوارضات کا تحمل کیے ہوئے تھے لیکن آخری عمر میں ''پیلا یرقان''اَیسا حملہ آور ہوا کہ جان لیوا ثابت ہوا۔ اِس بیماری نے آپ کو کافی کمزور کر دیا۔ آپ پر غشی بھی طاری رہتی تھی لیکن نمازکاوقت شروع ہوتے ہی غشی کی کیفیت ختم ہو جاتی تھی جب تک نماز اَدا نہ فرمالیتے اُس وقت تک اطمینان وسکون نہ ہوتا تھا،آخر وقت تک پہچان برقرارتھی۔ وفات سے ایک روز پہلے تک ڈاکٹر حضرات کافی مطمئن تھے لیکن بالآخر وقت موعود آ چکا تھا۔ ٢٠جُمادَی الاُولیٰ ١٤٣١ھ/ ٥مئی٢٠١٠ء بروز بدھ عصر کی نماز ادا فرمانے کے بعد باربار نماز مغرب کی ادائیگی کا فرماتے رہے، اِسی فکر میںغروبِ آفتاب سے ذراپہلے قلب ِذاکر وشاغل کے ساتھ اپنے محبوب ِحقیقی کی جانب سے آئے ہوئے بُلاوے پر لبیک کہتے ہوئے سیال کلینک ملتان میں دارِ فانی سے دارِباقی کو رِحلت فرمائی اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے اِنتقال کی خبر آنًا فانًا پورے ملک اَور بیرون ملک پھیل گئی ، ملک کے اَطراف واَکناف اور صوبہ پنجاب کے ہر چہار طرف سے فدایانِ ختم نبوت اَور جاںنثارانِ شیخ اپنے اَمیر وشیخ کے آخری دیدار اور نماز جنازہ میں شرکت کے لیے خانقاہ سراجیہ پہنچنے شروع ہوگئے،اگلے روز٢١جُمادَی الاُولیٰ ١٤٣١ھ/ ٦مئی٢٠١٠ء بروز جمعرات دوپہر کو ٥٠:٢ پر صاحبزادہ محترم حضرت مولانا خواجہ خلیل احمد صاحب مدظلہم کی اِقتداء میں ایک جم غفیر نے نماز جنازہ اَدا کی۔ نماز جنازہ کے بعد آپ کواَحاطہ مزار ات شریف میں نائب قیوم زماںحضرت مولانا عبداللہ لدھیانوی صاحب رحمة اللہ علیہ کی دائیں جانب سپرد خاک کر دیا گیا۔الحمدللہ آپ کی قبر مبارک سنت نبوی کے مطابق بغلی طرزپر تیار کی گئی تھی۔