ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2007 |
اكستان |
|
٭ نماز کی پابندی کا خیال رکھیں۔ شریعت ِمطہرہ اور سنت ِنبویہ کا جہاں تک ہو سکے خیال رکھیں۔ حقوق العباد سے حتی الوسع بچیں ،توبہ زیادہ کریں ،صبح وشام سُبْحَانَ اللّٰہِ ، اَلْحَمْدُلِلّٰہِ ، لَااِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ، اَللّٰہُ اَکْبَرُ ۔ ایک ایک تسبیح پڑھا کریں۔ ٭ کارکنوں اور ملازموں پر بھروسہ کرنا اور خود غافل ہوجانا بہت سے رؤساکو برباد کرچکا ہے ۔ ٭اثناء ذکر میں وساوس کی وجہ سے ہر گز نہ گھبرائیے، اپنا کام کیے جائیے اور کوشش کیجیے کہ حتی الوسع جی اُسی طرف لگارہے۔ ٭ آخرت کا عذاب وہ عذاب ہے کہ دُنیا کی جملہ اَنواع کی تکالیف ایک طرف اور آخرت کے عذابوں کی ایک قسم کی تکلیف چند منٹوں کی ایک طرف ہو تو یہ آخرت والی تکلیف اُس پر بالا ہوجائے گی ۔ ٭ یہ (اِعتکاف )مبارک عبادت ہے۔ گناہوں ہی کے اِزالہ کے لیے اِعتکاف کیا جاتا ہے اِس لیے گناہوں کی کثرت کی وجہ سے اعتکاف کو چھوڑنانہ چاہیے بلکہ اِس کی طرف اور توجہ کرنی چاہیے ۔ ٭ صلہ رحمی سے بے پروائی ،ضعفا اور کمزوروں پر تعدی کے مہلک نتائج ِدُنیویہ اور اُخرویہ مصائب لانے والے ہیں،اِن سے خلاصی کس طرح ہو گی ؟ ٭ تجوید اور قرآن کی تعلیم کے ساتھ کچھ دینی اور لکھنے پڑھنے کی بھی تعلیم اِبتدائی جاری رکھنی چاہیے۔ ٭ جس سے تعلق ہو محض خدا کی وجہ سے ہو اور جس سے نفرت ہو محض اُسی کی وجہ سے۔ قول کم ہو اور حال زیادہ ہو۔ ٭ والدین کی خدمت اور خوشنودی ہر طرح سے باعث ِسعادت ہے ۔ ٭ اگر عورتیں اعوجاج(ٹیڑھے پن) سے پاک ہوتیں تو اَزواج ِمطہرات ہوتیں ۔لہٰذا اِستقامت کو تلاش کرنا اور بالخصوص نو عمر اور ناتجربہ کار لڑکی میں اور وہ بھی دیہات کی ر ہنے والی لڑکی میں بہت زیادہ بے موقع بات ہے۔ ٭ علائق اور اَغراض ِمادیہ نہایت ذلیل اُمور ہیںجن سے ہم کو سخت اِحتراز کرنا چاہیے۔ ہمارے جملہ اَفعال واَعمال ،حرکات وسکون محض اُس کی رضا جوئی کے لیے ہوں ۔