ماہنامہ انوار مدینہ لاہور نومبر 2007 |
اكستان |
|
ملفوظات شیخ الاسلام حضرت مولانا سیّد حسین احمد مدنی ( مرتب : حضرت مولانا ابوالحسن صاحب بارہ بنکوی ) پندوموعظت : ٭ اگر قبولیت عنداللہ نصیب ہوتو نجاح وفلاح ہے ورنہ سب ہیچ ہے۔ ضرورت ہے کہ اپنی قوم کو مسلمان ہونے کی حیثیت سے ترقی دیں۔نسبی حیثیت سے غرور اور تکبر بے موقع پیدا ہوتا ہے وہ ترقی سے مانع ہوجاتاہے۔ ٭ انسان پہاڑ کی طر ح مستحکم ہو جسے نہ طوفان جنبش دے سکے نہ زلزلہ ہلا سکے میرے بھائی !دل کو مضبوط ،اِرادہ کو مستحکم اور طبیعت کو مستقل مزاج بنائیے۔ ٭ جہاں تک ممکن ہو ذکر کے سلسلہ کو جاری رکھو اور خداوند ِعالم کی رحمت سے نااُمید مت رہو۔ ٭ فرصت کو غنیمت جانو اور اِس کو ضائع مت کرو ۔ ٭ مطمئن الخاطر رہ کر اِن ایامِ خلوت کو غنیمت سمجھئے اور کچھ تحفۂ معرفت وقربت حاصل کر لیجیے۔ ٭ تمہار ا یہ کام ہے کہ اُس کریم کے دروازہ کو کھٹکھٹاتے رہو کیونکہ جو دروازہ پر دستک دیتا رہتا ہے لامحالہ کھول دیا جاتا ہے۔ ٭ اپنے نفس کے کیدو مکر سے کسی وقت بھی مطمئن نہ ہونا چاہیے ۔ ٭ گیا وقت پھر ہاتھ آتا نہیں، آج کچھ کر لیجیے کل کرنا ناممکن ہو گا ۔ ٭ ہمارے لیے حضرت نانوتوی اور حضرت شیخ الہند قدست اَسرارُ ہماکے کارنامے مشعل ِراہ ہیں۔ ٭ یہ چند دِنوں کی زندگانی ہے اور پھر اِس میں قوی کی طاقت اور بھی اقل (کم)ہے جس قد ر بھی ممکن ہو زادبرائے راہِ آخرت اِس میں تیار کر لیجیے۔