ماہنامہ انوار مدینہ لاہور اپریل 2006 |
اكستان |
|
نبوی لیل ونہار ( حضرت مولانا سعد حسن صاحب ٹونکی ) آنحضرت ۖ کی عادات ِطیبہ گفتگو میں : ٭ آنحضرت ۖ گفتگو فرماتے تو الفاظ اتنے ٹھہر ٹھہر کر ادا فرماتے کہ سُننے والا بآسانی یاد کرلیتا بلکہ اگر کوئی گننے والا آپ ۖ کے الفاظ گننا چاہتا تو گن بھی سکتا تھا۔ ٭ گفتگو میں اکثر و بیشتر الفاظ کو تین مرتبہ دوہراتے۔ ٭ آپ ۖ بات کرتے وقت بار بار آسمان کی طرف بھی نظر اُٹھاکر دیکھ لیتے۔ ٭ جس بات کا تفصیل سے ذکر کرنا تہذیب سے گرا ہوا ہوتا تو اُس کو حضور ۖ کنایہ میں بیان فرماتے۔ ٭ کسی بات پر زور دینا ہوتا اور آپ ۖ ٹیک لگائے ہوتے تو ٹیک چھوڑکر سیدھے بیٹھ جاتے اور خاص لفظ یا جملہ کو بار بار اِرشاد فرماتے۔ ٭ بات کرتے وقت آنحضرت ۖ مسکراتے اور نہایت خندہ پیشانی سے گفتگو فرماتے۔ ٭ جب آپ ۖ حاضرین کو کسی بات سے ڈراتے تو زبانِ مبارک سے الفاظ ادا فرماتے اور ہاتھ کو زمین پر ملتے۔ ٭ جب آپ ۖ بوقت ِ گفتگو کسی چیز کی طرف اشارہ فرماتے تو پورے ہاتھ سے فرماتے صرف اُنگلی سے اشارہ نہیں فرماتے۔ ٭ آنحضرت ۖ دورانِ گفتگو کسی بات پر تعجب کرتے تو ہتھیلی کو اُلٹ دیتے۔ ٭ کبھی دورانِ گفتگو تعجب کے وقت سیدھے ہاتھ کی اندر کی ہتھیلی اُلٹے ہاتھ کے انگوٹھے کے اندر کے حصہ پر مارتے۔ ٭ آپ ۖ تعجب کے وقت سر ہلاتے اور ہونٹوں کو دانتوں سے دباتے۔