اسلامی تربیتی نظام کے چند بنیادی عناصر
اسلام کا تربیتی نظام اپنے کمال وجمال، اعتدال وتوازن، جامعیت اور نفسیات کی رعایت کے لحاظ سے کامل ترین اور ممتاز ترین نظام ہے، اور اسی نظام کی اثر انگیزی اور سحر آفرینی ہے کہ غیر مسلم بھی اس کی خصوصیات تسلیم کرتے ہیں اور اسے دیگر تمام متوازی نظاموں سے فائق وبرتر قرار دینے پر خود کو مجبور مانتے ہیں ۔
(۱) عقیدۂ توحید
اسلام کے تربیتی نظام کا سب سے مقدم اور اہم عنصر خدائے واحد پر ایمان واعتقاد ہے، اس کائنات کی حقیقت اور اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کا صحیح ادراک واحساس اس عقیدہ کے بغیر ہو ہی نہیں سکتا، ایمان باللہ ہی انسان کے اطمینانِ قلب کا اور ہر نوع کی سرگشتگی، خوف، بے اعتمادی، ناامیدی اور مایوسی سے بچاؤ کا واحد ذریعہ ہے، انسان جب صدقِ قلب سے خدائے واحد پر ایمان لے آتا ہے تو پھر اس کی زندگی کے رنگ ڈھنگ بدل جاتے ہیں ، پھر وہ خواہش پرستی، مادیت اور اتباعِ ہویٰ کے بجائے اعلاء کلمۃ الحق کے مشن میں لگ جاتا ہے اور اس کا مطمحِ نظر صرف دعوتِ ایمان کے دائرہ کو وسیع کرنا ہی ہوتا ہے اور اس