پیشِ گفتار
الحمد للہ رب العالمین والصلاۃ والسلام علی سید المرسلین، وعلی آلہ وصحبہ أجمعین، أما بعد!
زیر نظر کتاب ’’اسلام دین فطرت‘‘ اسلام کے امتیازات اور انسانیت نواز تعلیمات کو اُجاگر کرنے کی ایک طائرانہ کوشش ہے، موجودہ میڈیائی پروپیگنڈے کے دور میں ایسی تحریروں کی ضرورت بیحد بڑھ جاتی ہے، جن میں اسلام کی امن پسندی، انسانیت نوازی، جامعیت اورحقیقت پسندی کے پہلوؤں کو نمایاں کیاجائے۔
راقم نے اس کتاب میں اسلام کی جامعیت، واقعیت، حقیقت پسندی، ربانیت، امن وسلامتی، انسانیت نوازی، اخوت ووحدت، مساوات واجتماعیت، جیسے متعدد اہم گوشوں سے بحث کی ہے۔
اس کا اعتراف کئے بغیر کوئی چارہ نہیں کہ یہ کتاب اِس موضوع کی جملہ تفصیلات کا احاطہ نہیں کرتی، نہ اتنے اختصار کے ساتھ یہ ممکن ہے، تاہم ضروری اوربنیادی چیزیں قید تحریر میں آگئی ہیں ، اور بحالت موجودہ اتنی باتیں بھی افادیت سے خالی نہیں ہیں ۔
خداوندقدوس اسے نافع بنائے اور مؤلف کے لئے ذخیرۂ آخرت بنائے۔
محمد اسجد قاسمی، ندوی
خادم الحدیث النبوی الشریف جامعہ عربیہ امدادیہ مرادآباد
یکم ربیع الاول ۱۴۲۹ھ
Rvr