جہاں بھی رہو اللہ سے ڈرتے رہو۔
عبادات کے علاوہ آداب واخلاق کا پورا اسلامی نظام بندۂ مؤمن کو اللہ سے جوڑنے کے عظیم مقصد کے لئے تشکیل دیا گیا ہے، روز مرہ کے حالات، کھانے پینے، سونے جاگنے، سفر وحضر تمام انفرادی واجتماعی حالات میں آداب واخلاق اور دعاؤں کی پوری فہرست ذخیرۂ احادیث میں ملتی ہے جو واضح کرتی ہے کہ مقصد یہ ہے کہ انسان اپنے رب سے غافل نہ رہے، بلکہ اس کا ربط مستحکم رہے، اور ہمیشہ وہ اللہ سے جڑا رہے۔
(اس موضوع کی مزید تفصیل کے لئے ڈاکٹر یوسف القرضاوی کی کتاب ’’الخصائص العامۃ للإسلام‘‘ ملاحظہ ہو)
مذکورہ تفصیل سے بخوبی سمجھا جاسکتا ہے کہ اسلام کا امتیاز اس کا مذہبِ ربانی ہونا ہے، اور ربانیت کا رنگ تمام اسلامی شعبوں میں بالکل نمایاں نظر آتا ہے، واقعہ یہی ہے کہ انسان کا حاصلِ حیات اور سرمایۂ زندگی اس کا اپنے رب سے اٹوٹ رشتۂ عبدیت ہی ہے جسے ’’ربانیت‘‘ کے جامع الفاظ میں پرودیا گیا ہے۔