ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جون 2012 |
اكستان |
|
علمی مضامین سلسلہ نمبر ٥٣ ، قسط : ١ ''اَلحامد ٹرسٹ''نزد جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ روڈ لاہورکی جانب سے شیخ المشائخ محدثِ کبیر حضرت اَقدس مولانا سیّد حامد میاں صاحب رحمة اللہ علیہ کے بعض اہم خطوط اور مضامین کو سلسلہ وار شائع کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے جو تاحال طبع نہیں ہوسکے جبکہ ان کی نوع بنوع خصوصیات اس بات کی متقاضی ہیں کہ افادۂ عام کی خاطر اِن کو شائع کردیا جائے۔ اسی سلسلہ میں بعض وہ مضامین بھی شائع کیے جائیں گے جو بعض جرا ئد و اخبارات میں مختلف مواقع پر شائع ہو چکے ہیں تاکہ ایک ہی لڑی میں تمام مضامین مرتب و یکجا محفوظ ہو جائیں۔ (اِدارہ) حضرت مولانا مفتی محمود صاحب نوراللہ مرقدہ ایک جامع صفات شخصیت بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ نَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِیْمِ حضرت مولانا مفتی محمودصاحب نوراللہ مرقدہ کو حق تعالیٰ نے جن صفاتِ عالیہ سے نوازا تھا آج سب اہل ِ پاکستان اِس کے معترف ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اُنہیں علم و عقل اَور حلم و شجاعت جیسے اَوصاف ِ عالیہ کا وافر حصہ عطا فرمایا تھا۔ یہ اَوصاف جمع ہوں مگر تقوی نہ ہوتو بھی یہ کمالات ایک نقص کا نشانہ رہتے ہیں اَور اِعتدال میں بہت کمی رہتی ہے اللہ تعالیٰ نے اُنہیں تقوی کی نعمت سے بھی مالا مال کیا۔ خداوندکریم نے اُنہیں موقع بخشا کہ وہ اَپنے علاقے کے ایک بزرگ سے فیضیاب ہوئے اَور منازلِ سلوک طے کیں۔ اَساتذہ : حضرت مفتی صاحب نے بہترین اَساتذہ سے علوم حاصل کیے۔ مناسب معلوم ہوتا ہے کہ اُن کے اَساتذہ کرام کا تذکرہ بھی کردیا جائے۔ (١) حضرت مولانا سیّد فخرالدین اَحمد صاحب رحمة اللہ علیہ سے بخاری شریف پڑھی۔