ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جنوری 2009 |
اكستان |
|
درس حدیث حضرت ِاقدس پیر و مرشد مولانا سید حامد میاں صاحب کے مجلسِ ذکر کے بعد درسِ حدیث کا سلسلہ وار بیان ''خانقاہِ حامدیہ چشتیہ'' رائیونڈ روڈ لاہور کے زیرِانتظام ماہنامہ'' انوارِ مدینہ'' کے ذریعہ ہر ماہ حضرت اقدس کے مریدین اور عام مسلمانوں تک با قاعدہ پہنچایا جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ حضرت اقدس کے اِس فیض کو تا قیا مت جاری و مقبول فرمائے ۔(آمین ) سچّی توبہ سے اللہ اَور بندے کے درمیان تعلق ٹھیک ہوجاتا ہے صرف انبیاء کرام معصوم ہوتے ہیں اَور کوئی معصوم نہیں ہوتا اپنے اُوپر تنقیدی نظر ڈالتے رہنا چاہیے ( تخریج و تزئین : مولانا سیّد محمود میاں صاحب ) (کیسٹ نمبر 57 سا ئیڈ B 18 - 04 - 1986 ) الحمد للّٰہ رب العالمین والصلٰوة والسلام علٰی خیر خلقہ سیدنا ومولانا محمد وآلہ واصحابہ اجمعین امابعد ! اِستغفار اَور توبہ یہ ایسی فضیلت کی چیز ہے کہ جس سے اللہ تعالیٰ اَور بندے کے درمیان تعلق ٹھیک ہوجاتا ہے۔ اِستغفار اَور توبہ کا مطلب : ''اِستغفار'' کے معنٰی ہیں کہ اللہ تعالیٰ سے بندہ یہ طلب کرے کہ وہ اُس کے گناہ کو اپنی رحمت سے ڈھانپے رکھے۔ تو یہ طلب کرنا اللہ تعالیٰ سے کہ خداوند ِکریم تو میرے گناہوں کو اپنی رحمت سے ڈھانپ لے اِس کا مطلب ہے کہ معاف فرمادے۔ تو یہ مفہوم کن اَلفاظ سے اَدا کیا جائے اِس میں جنابِ رسول اللہ ۖ نے رہبری فرمائی ہے اَور جو کلمات آپ نے استعمال فرمائے ہیں وہ بھی منقول ہیں اُن کی فضیلت بھی منقول ہے۔