ماہنامہ انوار مدینہ لاہور مئی 2006 |
اكستان |
|
( ٩ )برادر عزیز زیدت معالیکم! پس ازتحیۂ مسنونہ ! آپ کا خط آیا، میں اپنا بہت سا وقت اِس میں صرف کرتا ہوں کہ دوستوں کے خطوط کے جوابات پابندی کے ساتھ دیا کروں، عید الاضحی کی طویل تعطیل میں میں نے خطوط کے جوابات ہی لکھے، اِس لیے میں اِس قدر عرض کرسکتا ہوں کہ یا تو آپ کا خط مجھ کو ملا ہی نہیں اور اگر مل گیا ہے تو میں نے جواب ضرور دیا ہوگا، اس وقت جو ڈاک میرے پاس ہے اُس میں کوئی خط آپ کا جواب طلب موجودنہیںہے۔ اگر ضرورت ہو تو جواب طلب اُمور کو مکرر تحریر کردیں، مدرسہ محمودیہ کے افتتاح کی خبر سنی اللہ تعالیٰ ترقی عطا فرمائے، آمین۔ میری صحت خراب ہوچکی ہے کوئی نہ کوئی مرض لگا ہی رہتا ہے لیکن خدا کا شکر ہے کہ ابھی مدرسہ کے فرائض کی انجام دہی میں قاصرنہیں ہوں۔ دار العلوم میں بحمد اللہ بالکل خیریت ہے ۔حضرت مولانا مدنی عمت فیوضہم بھی خیریت سے ہیں۔ قاری حافظ احمد میاں و حامد میاں کو سلام عرض کرتا ہوں۔ محمد اعزاز علی غفرلہ از دیوبند ١٨ ذی الحجہ ١٣٧٠ ھ جمعہ ( ١٠ )برادر عزیز زیدت معالیکم پس از تحیۂ مسنونہ ! آپ کا خط ملا،آپ کے حالات معلوم ہوئے ۔اِس خبر سے اطمینان ہوا کہ آپ مع عزیز واقارب منٹگمری پہنچ گئے۔ اسباق کی فہرست سے خوشی ہوئی، اللہ تعالیٰ آپ کو علمی ترقی کے مواقع اِس سے زیادہ عطا فرمائے، آمین۔طلبہ کے میلان کا خیال بھی نہ فرمائیں، اِنہیں میں سے کار آمد لوگ بھی نکل آتے ہیں۔ ع مراعات صد کن برائے یکے حضرت مولانا مدنی مع الخیر سفر سے واپس تشریف لے آئے۔ عبد الرشید سلمہ' اور شاہدہ خاتون سلمہا اور اُس کی والدہ سے سلام فرمادیں۔ یہاں بارش بالکل نہیں ہے، اگر خدانخواستہ قحط شروع ہوگیا تو انسانوں کے لیے بڑی بھاری مصیبت ہوگی۔ میں دعاگو اور حسن ِ خاتمہ کی دعائوں کا محتاج ہوں۔ محمد اعزاز علی امروہی غفرلہ' از فرید نگر محرم ١٣٧٢ھ جمعہ