تقریظ
حضرت مفتی ابوبکر صاحب پٹنی مدظلہ
(استاذ جامعہ اسلامیہ تعلیم الدین ڈابھیل)
بسم اللہ الرحمن الرحیم
حامداً ومصلیاً ومسلماً
قرنوں سے سفینۂ تصنیف وتالیف رواں دواں ہے؛ لیکن نہ اُس کوسانس لینے کا موقع ملا ہے اور نہ ہی کوئی ساحل نظر آرہا ہے،بے شمار کتابیں لکھی گئیں ، اور تاہنوز سلسلہ جاری ہے اور اِن شاء اللہ جاری رہے گا، اُن میں سے کچھ نایاب ہوگئیں اور کچھ کم یاب ہیں ، اور بعضے تو ابھی بھی پوری شان سے زندہ ہی نہیں ؛ بلکہ اپنا شباب اَور بڑھاتی نظر آرہی ہیں ۔
اُن کتابوں میں علمِ فرائض میں لکھی گئی ایک کتاب: ’’الفرائض السراجیۃ‘‘ تالیف کے وقت سے تاحال زندہ ہے، اور تقریباً بر صغیر کے تمام مدارس میں داخلِ نصاب ہے، اور علمِ فرائض عموماً اِسی سے حاصل کیا جاتا ہے؛ لیکن ہمارے درسِ نظامی میں یہ اِس فن کی اول و آخری کتاب ہے؛ اِس لیے طلبا کو ابتداء ً بعض اوقات اجنبیت سی محسوس ہوتی ہے، ضرورت تھی کہ اِس سے قبل ایک مختصر سا رسالہ ہو جو طلبا کو پڑھا لیا جائے، اور اُس کی اصطلاحات یاد کروالی جائیں ؛ تاکہ سراجی کا ضبط آسان ہو، بہ ایں غرض ’’دعوۃ الایمان‘‘ ٹکولی کے محنتی اور علم دوست فاضل، رفیق محترم: مولوی الیاس صاحب نے ایک عمدہ رسالہ تالیف فرمایا، بندہ