(۲) جدۂ صحیحہ چار وجہوںسے محروم ہوجاتی ہے :
(الف ) ماں کی وجہ سے تمام جدا ت ساقط ہوجاتی ہیں ، خواہ وہ باپ کی جانب سے ہوں یا ماں کی جانب سے ہوں ۔
(ب) باپ کی وجہ سے صرف باپ کی جانب کی جدات ( دادیاں ) محروم ہوتی ہیں ، ماں کی جانب کی جدات محروم نہیں ہوتیں ۔
(ج) دادا کی وجہ سے وہ دادیاں محروم ہوتی ہیں جو دادا کے واسطے سے ہوں جیسے دادا کی ماں وغیرہ؛ لیکندادا کی بیوی یعنی میت کی دادی محروم نہیں ہوگی ۔
(د) قریب والی جدات کی وجہ سے دور والی جدات محروم ہوجائے گی ، خواہ باپ کی جانب کی ہوں یاماں کی جانب کی ہو ں۔
عصبات کا بیان
عَصَبَۃٌ ، عَاصِبٌ کی جمع ہے یہ مذکر ، مؤنث واحد جمع سب کے لئے استعمال ہوتا ہے، اس کی جمع الجمع عصباتٌ ہے اس کے معنی گھیر نے اور احاطہ کرنے کے آتے ہیں ۔
اصطلاحی تعریف : عصبہ میت کے وہ رشتہ دار جن کا حصہ قرآن و حدیث میں متعین نہیں ہے ؛بلکہ وہ تنہا ہونے کی صورت میںتمام ترکہ کے اور دیگر اصحاب ِ فرائض کی موجودگی میں ماباقی ترکہ کے مستحق ہوتے ہیں ۔
عصبہ کی دو قسمیں ہیں : (۱) عصبۂ نسبی (۲) عصبۂ سببی
عصبہ نسبی وہ عصبہ ہے جن کا میت سے ولادت کا تعلق ہو ۔
عصبہ سببی وہ عصبہ ہے جن کا میت سے عتاق( آزادی ) کا تعلق ہو (۱)