راہ سلوک میں وفا داری کی اہمیت |
ہم نوٹ : |
|
یَصۡنَعُوۡنَ کی دوسری تفسیر اِنَّ اللہَ خَبِیۡرٌ بِۢمَایَصۡنَعُوۡنَ كی دوسری تفسیر ہے: اِنَّ اللہَ خَبِیۡرٌ بِا سْتِعْمَالِ سَائِرِ الْحَوَاسِ یعنی اللہ جانتا ہے کہ حواسِ خمسہ میں سے تم نے قوتِ باصرہ کو جو بدنظری کرکے خبیث کیا ہے تو اس کی وجہ سے تمہارے باقی حواسِ اربعہ بھی فعلِ بد کی خباثت میں ملوث ہوجائیں گے پھر تم کان سے اس کی بات سنوگے، زبان سے اس سے بات کرنے کی کوشش کرو گے، مٹک مٹک کر، چٹک مٹک کر اور خوب سرہلا ہلا کر اس سے باتیں کرو گے یُحَرِّکُ رَأْسَہٗ یَتَبَسَّمُ وَ یَتَکَلَّمُ مَعَہٗ وَ بِہٖ وَ لَہٗ وَ عَلَیْہِ وَ فِیْہِ تکلّم کی جتنی قسمیں ہیں کیا اس جملہ میں میں نے کوئی ضمیر چھوڑی؟ دوستو! آپ لوگوں کی خدمت کے لیے اللہ تعالی یہ مضامین دے رہے ہیں۔ جب قوتِ باصرہ لعنتی ہوگی اس کے بعد تمہارے سارے حواس گناہ میں مبتلا ہو جائیں گے، پھر تم اس سے بات کرکے مزہ لو گے، تبسم کرو گے، ہنسو گے،مسکراؤ گے، کان سے اس کی بات سنو گے، ہاتھ سے اس کو خط لکھو گے، تو اس سارے معاملہ سے کتنا ضرر ہوا۔ یَصۡنَعُوۡنَ کی تیسری تفسیر اب اِنَّ اللہَ خَبِیۡرٌ بِۢمَا یَصۡنَعُوۡنَ كی تیسری تفسیر سن لو: اِنَّ اللہَ خَبِیۡرٌ بِتَحْرِیْکِ الْجَوَارِحِ جوارح اعضاء کو کہتے ہیں۔بدنظری سے پہلا نقصان تم کو یہ پہنچا کہ تمہاری آنکھیں لعنتی ہوئیں، دوسرا نقصان یہ پہنچا کہ کان و زبان اور تمہارے سارے حواسِ خمسہ اس میں مبتلا ہوئے اور تیسرا ضرر یہ پہنچا کہ تمہارے اعضاء بھی حرکت میں آجائیں گے، پاؤں اس کی گلی کی، اس کے گھر کی زیارت کریں گے، اُلو اور گدھے کی طرح سے اس کی گلیوں کے چکر لگاؤ گے۔ ذرا عشق بازی کے اسٹیشنوں کو دیکھیے! پہلے آنکھ کا اسٹیشن مبتلا ہوا، پھر کان کا اسٹیشن مبتلا ہوا، اس کے بعد اس کے گھر کا چکر لگ رہا ہے یعنی قدم چل رہے ہیں، خط لکھا جارہا ہے یعنی ہاتھ چل رہے ہیں، جسم کے تمام جوارح گناہ میں مبتلا ہورہے ہیں۔