ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جنوری 2014 |
اكستان |
|
''اِعلامیہ'' اَمن ِعالم کانفرنس منعقدہ : ٩ ،١٠ صفر المظفر ١٤٣٥ھ مطابق ١٣ ، ١٤دسمبر ٢٠١٣ء بمقام دیوبند ١١صفر المظفر ١٤٣٥ھ مطابق ١٥دسمبر ٢٠١٣ء بمقام ''رام لِیلامیدان'' دہلی ہندوبیرونِ ہند کے ممتاز علمائے کرام ،دانشور ان اور رہنما یان ملک وملت کا یہ عالمی اِجلاس برصغیر کی آزادی میں شیخ الہندحضرت مولانا محمود حسن دیوبندی ،اُن کے رفقاء اور تمام مجاہدین ِآزادی کی سنہری خدمات وبے مثال قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اور حضرت شیخ الہند کے عطا کردہ رہنما خطوط کی روشنی میں اپنے اِس عہد کا اعلان کرتا ہے کہ : (١) ہم اِنسانیت کی فلاح وبہبود اور عالمی امن کے قیام کے لیے ہر سطح پر دو ستانہ تعلقات اور صلح و آشتی کی راہ ہموار کرنے کے لیے ایک دُوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے ۔ (٢) اپنے اپنے ملک کی سالمیت اور وقار کو ملحوظ رکھتے ہوئے ایک دُوسرے کی خوشحالی اور خیرسگالی کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ (٣) ہر قسم کے تنازعات کا پُر اَمن ذرائع سے حل تلاش کرنے کے لیے ذہن سازی اور کوشش کریں گے۔ (٤) اِسلام کی نظر میں ہر طرح کا فتنہ وفساد ،بدامنی وخونریزی کے لیے اور بے قصوروں کو قتل وغارت گر ی کا نشانہ بنانا ،بد ترین اِنسانیت سوز جرم ہے ،اِس لیے ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی پُرزور مذمت کرتے ہیں اور اِس بارے میں دارُالعلوم دیوبند کے فتوے کی بھر پور تائید کرتے ہیں اور تمام اِنصاف پسندوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ نہ صرف دہشت گردی سے برا ء ت کریںبلکہ اُن اَسباب ومحرکات کو بھی ختم کرنے کی فکر کریں جن کی وجہ سے دُنیا میں دہشت گردی پنپتی ہے۔ (٥) اَقلیتوں ،ناداروں کمزور طبقات اور خواتین کے حقوق کی پاسداری کے بغیر خوشحالی، ترقی اور اَمن کا تصور ناممکن ہے اِس لیے ہم اُنہیں اُن کے حقوق دِلانے اور سماجی اِنصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گے۔