١٠ و المستحاضة ھی التی لا یمضی علیھا وقت صلوة الا والحدث الذی ابتلیت بہ یوجد فیہ،
١١ وکذا کل من ھوفی معناھا،و ھو من ذکرناہ، و من بہ استطلاق بطن، و انفلات ریح لان الضرورة بھذا یتحقق وھی تعم الکل
ترجمہ : ١٠ اور مستحاضہ وہ ہے کہ اس کا کوئی بھی نماز کا وقت نہیں گزر تا ہو مگر اس میں وہ حدث پایا جاتا ہو جس میں وہ مبتلا ہو ۔
تشریح : کس وقت کسی کو معذور قرار دیا جائے گا اسکا قاعدہ بیان کیا جارہا ہے ۔فرماتے ہیں کہ ، جب بھی نماز کا وقت آتا ہو تو یہ عذر پایا جاتا ہو ، وقت میں اتنا بھی ٹائم نہیں ملتا ہو کہ وضو کرکے تحریمہ باندھ سکے ۔ مثلا استحاضہ کا خون ہر وقت گرتا رہتا ہے دن کے پانچوں نمازوں میں پانچ منٹ کا بھی وقت نہیں ملتا کہ اس میں خون بند رہتا ہو ، ایسی صورت میں اسکو معذور قرار دیا جائے گا ۔ جب اسکو معذور قرار دے دیا گیا تو چاہے اسکا خون گرتا رہے وضو نہیں ٹوٹے گا ، البتہ اگر کوئی اور حدث ہو ا تو اس سے وضو ٹوٹے گا ۔بعد میں جب اتنا خون بند ہو جائے کہ نماز کے پورے وقت میں ایک مرتبہ بھی خون نہ آئے تو اب وہ معذور نہیں رہے گا ۔
ترجمہ: ١١ اوریہی حکم ہے ہر اس معذور کا جو اسکے معنی میں ہو ، جسکو میں نے ذکر کیا ،اور جسکو پیٹ چلنے کی بیماری ہو ، اور ہوا نکلنے کی بیماری ہو ، کیونکہ ضرورت اس عذر کے ساتھ متحقق ہو جاتی ہے ، اور ضرورت سب کو عام ہے ۔
تشریح : جن معذروں کا حال اس طرح ہے کہ عذر پورے وقت کو گھیرے ہوئے ہے اور پانچوں نمازوں میں ، یعنی ایک دن ایک رات یہ صورت بحال رہے تو اس سے معذور ہو جاتا ہے اور اس پر معذور کا حکم لاگو ہو جاتا ہے ، جیسے کسی کو مسلسل پیخانہ آنے کی بیماری ہو کہ نماز کے وقت میں پانچ منٹ بھی نہیں ملتا کہ پیخانہ آجاتا ہے تو وہ بھی معذور کے حکم میں ہو جائے گا اور چاہے پیخانہ آتا رہتا ہو پھر بھی اسکے لئے نماز پڑھنا جائز ہے ۔ اسی طرح کسی کو مسلسل ہو ا نکلتی ہو کہ نماز کے وقت میں پانچ منٹ کا وقت بھی نہیں ملتا ہو تو وہ معذور کے حکم میں ہو جائے گا اور اسکے لئے ہوا نکلنے کے باوجود نماز پڑھنا جائز ہو گا ۔
اور معذور ہو جانے کے بعد جب اتنا افاقہ ہو جائے کہ نماز کے وقت میں ایک مرتبہ بھی وہ حدث نہ آئے تو اب اسکو صحت مند قرار دیں گے ، اور اب یہ معذور نہیں رہے گا ۔
لغت: یتمکن : قدرت ہو سکے گی ۔ صلاة الضحی : چاشت کی نماز ۔ابتلیت : مبتلا ہوئی ہو ۔استطلاق بطن : طلق کا ترجمہ ہے چھوٹنا ، یہاں مراد ہے ،پیٹ کا چلنا ، ہر وقت پیخانہ ہو تے رہنا ۔انفلات ریح: فلت سے مشتق ہے چھوٹنا، اسلئے انفلات ریح کا ترجمہ ہوا اچانک ہوا نکل جانا ۔