ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جون 2007 |
اكستان |
|
حضرت مولانا حاجی صالح محمد حسنی قدس سرہ العزیز چاغی نوشکی کی مشہور و معروف بزرگ اور ہر دِلعزیز شخصیت کا مختصر تعارف اسم گرامی : اُستاد العلماء جناب حضرت مولانا حاجی صالح محمد حسنی عرف حاجی صالح جان قدس اللہ تعالیٰ سرہ' ، یہ وہ میٹھا نام ہے جو کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ چاغی نوشکی کا ہر خاص و عام اِس نام سے بخوبی واقف ہے، اِس عالمِ رنگ و بو میں آج حضرت صالح جان اگرچہ ہم میں موجود نہیں ہیں لیکن اُن کی اخلاص و للّٰہیت، تقوٰی و طہارت اور اشاعت ِ دین کے لیے اُن کی قربانیوں کے واقعات پوری آب و تاب کے ساتھ زندہ ہیں۔ تعلیم : بچپن سے بلوغ تک بوجوہ حضرت تعلیم حاصل نہ کرسکے اور نہ حضرت سے پہلے اِس خاندان میں علم کا سلسلہ جاری تھا بلکہ بعد البلوغ حضرت نے تعلیم کے میدان میں قدم رکھا اور بفضلہ تعالیٰ یہ ایسا اخلاص والا قدم تھا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت کے خاندان میں علم ِدین کوایسا زندہ فرما دیا کہ سارا خاندان علماء وحفاظ پر مشتمل ہے اور اللہ تعالیٰ خوب اِن سے کام لے رہا ہے۔ دُعاء ہے کہ اللہ تعالیٰ اِن خدمات کو اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے اور قیامت تک خاندان ِصالح سے دین کا کام لیتا رہے۔ اساتذہ : بہرحال ابتدائی تعلیم علاقہ کے دو معتمد علماء الحاج مولانا رضا محمد اور مولانا محمد خیر سے حاصل کرنے کے بعد اِن حضرات کے مشورہ سے اُستادُ الکل حضرت مولانا عبد الغفور صاحب لہٹری مہتمم مدرسہ مظہر العلوم شالدرہ کوئٹہ والے کی خدمت میں پہنچ کر مختلف کتابیں پڑھیں۔ اِس کے بعد پنجاب کے دو حضرات علماء مولانا خیر محمد صاحب ٹل وائے اور مولانا حبیب اللہ گمانوی سے کسب ِ فیض کیا پھر بر اعظم ایشیاء بلکہ دُنیا کی عظیم دینی درسگاہ مادرِ علمی دارُالعلوم دیوبند کے علمی، عملی، رُوحانی ماحول کی سعادت حاصل کرنے کے لیے دیوبند پہنچ گئے لیکن اتفاقًا وہ زمانہ تعطیلات کا تھا اور پڑھائی شروع ہونے تک ناکافی خرچہ کی وجہ سے حضرت وہاں نہ رہ سکے۔ البتہ دارُالعلوم دیوبند کے حوضِ پُر فیض سے پانی پی کر اللہ تعالیٰ سے یہ دُعاء مانگی کہ اے اللہ میری اِس حاضری کو اپنی