ماہنامہ انوار مدینہ لاہورجولائی 2002 |
اكستان |
|
وفیات حضرت مولانا سیدرشید میاں صاحب کوصدمہ ٣ربیع الثانی مطابق ١٥ جون کو حضرت مولانا سید رشید میاں مدظلہم کی اہلیہ محترمہ انتقال فرماگئیں انا للہ وانا الیہ راجعون ۔مرحومہ ایک ڈیڑھ ہفتہ پیٹ کی شدید تکلیف میں مبتلا رہیں ڈاکٹر وں نے بالآخر مایوسی ظاہر کی اور مرحومہ اپنے خالق حقیقی سے جا ملیں ۔حدیث شریف میں آتاہے المبطون شہیدپیٹ کی تکلیف میں وفات پانے والا شہید ہوتا ہے لہذا اس حدیث پاک کی روشنی میں مرحومہ بجا طورپر شہادت کے رتبہ پر فائز ہو گئیں ۔اللہ تعالی مرحومہ کو غریق رحمت فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق عطا ء فرمائے ۔اہل ادارہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کی خدمت میں تعزیت مسنونہ پیش کرتے ہیں ۔ وسط مئی میں جناب ڈاکٹر ابو سلمان صاحب شاہجہانپوری کی اہلیہ محترمہ طویل علالت کے بعد کراچی میں انتقا ل فرماگئیں ۔اللہ تعالی ان کی مغفرت فرماکر آخرت کے بلند درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق نصیب ہو۔ ٭ پشاور میں محترم مولانا ڈاکٹر عبدالدیان صاحب کی اہلیہ محترمہ مئی کے آخری عشرہ میں انتقال فرماگئیں انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ادارہ ان کے غم میں برابر کا شریک ہے۔ ادارہ ان کی بلندی درجات اور پسماندگان کے صبر جمیل کے لیے دعاگو ہے ۔ ٭ جامعہ مدنیہ جدید کے بہی خواہ جناب فاروق صاحب ٧ جون کوطویل علالت کے بعد انتقال فرما گئے ۔مرحوم علماء اور دیندار طبقہ کا دل سے اکرام کیا کرتے تھے۔ اللہ تعالی نے دورانِ مرض صبر و شکر کی نعمت سے نوازرکھا تھا ۔اللہ پاک ان کی مغفرت فرماکر آخرت کے بلند درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کی توفیق نصیب ہو۔ ٭ قاری القراء جناب قاری عطاء اللہ صاحب ڈیروی اوائل جون میں انتقا ل فرماگئے انا للہ وانا الیہ راجعون۔ موجودہ دور میں فن ِقراء ت میں قاری صاحب ایک منفرد حیثیت کے مالک تھے آپ نے ساری زندگی قرآن کی خدمت میں گزاردی۔ اللہ تعالی ان کی خدمات کو قبول فرماکر جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل کے ساتھ ان کی قرآنی خدمات کو جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔