تیسواں سبق
جوازمِ مضارع: پانچ حروف فعل مضارع کو جزم دیتے ہیں: إِنْ ، لَمْ، لَمَّا، لامِ امر اور لائے نہی۔ جیسے: إِنْ تَضْرِبْنِيْ أَضْرِبْکَ (اگر تو مجھ کو مارے گا تو میں بھی تجھ کو ماروں گا)، لَمْ یَضْرِبْ (نہیں مارا اس نے)، لَمَّا یَضْرِبْ (اب تک نہیں مارا اس نے)، لِیَضْرِبْ (چاہیے کہ مارے وہ)، لَا تَضْرِبْ(مت مار تو)۔ یہ شعر یاد کرلیں :
إِن و لَمْ، لَمَّا ولام امر و لائے نہی نیز
پنجحرف جازمِ فعل اند ہریک بے دغا1
حروفِ عاطفہ وہ حروف ہیں جو کلمہ کو یا جملہ کو دوسرے کلمہ سے یا جملہ سے جوڑتے ہیں۔ جیسے: جَائَ زَیْدٌ وَعَمْرٌو اور جَائَ زَیْدٌ وَذَہَبَ عَمْرٌو۔ حروفِ عاطفہ دس ہیںجو پہلے سبق ۲۲ میں بیان کیے جا چکے ہیں۔
حروفِ ایجاب وہ حروف ہیں جن کے ذریعہ مثبت جواب دیا جاتا ہے۔ یہ چھ حروف ہیں:
نَعَمْ (ہاں)، بَلٰی(کیوں نہیں) ، إِيْ (ہاں) ، أَجَلْ (ہاں) ، جَیْرِ (ہاں)، إِنََّّ (بے شک)۔ جیسے: أَجَائَ زَیْدٌ؟ جواب: نَعَمْ (ہاں)۔
اکتیسواں سبق
حروفِ تفسیر وہ حروف ہیں جو اجمال کی وضاحت کرنے کے لیے لائے جاتے ہیں۔ یہ دو حروف ہیں: أَيْ (یعنی) اور أَنْ (کہ)۔ جیسے: اَلْغَضَنْفَرُ أَيِ الْأَسَدُ (غضنفر یعنی شیر)۔