نواں سبق
دوسرا اسم مبنی اسمائے اشارہ ہیں۔
اسمِ اشارہ وہ اسم ہے جو کسی چیز کی طرف اشارہ کرنے کے لیے بنایا گیا ہو۔ اسمائے اشارہ دو قسم کے ہیں، ایک قریب کی طرف اشارہ کرنے کے لیے ، دوسرے دور کی طرف اشارہ کرنے کے لیے۔ اسمائے اشارہ قریب یہ ہیں:
ہٰذَا (واحد مذکر کے لیے) یہ ایک مرد
ہٰذَانِ (تثنیہ مذکر کے لیے) یہ دو مرد
ہٰذِہٖ (واحد مؤنث کے لیے) یہ ایک عورت
ہَاتَانِ (تثنیہ مؤنث کے لیے) یہ دو عورتیں
ہٰؤُلَاء ِ(جمع مذکر ومؤنث کے لیے) یہ سب مرد یا سب عورتیں
اسمائے اشارہ بعید یہ ہیں:
ذٰلِکَ (واحد مذکر کے لیے) وہ ایک مرد
ذَانِکَ (تثنیہ مذکر کے لیے) وہ دو مرد
تِلْکَ (واحد مؤنث کے لیے) وہ ایک عورت
تَانِکَ (تثنیہ مؤنث کے لیے) وہ دو عورتیں
أُولٰئِکَ (جمع مذکر ومؤنث کے لیے) وہ سب مرد یا سب عورتیں
قاعدہ : ۱۔ اسمِ اشارہ سے جس چیز کی طرف اشارہ کیا جاتا ہے اس کو مُشَارٌ إِلَیْہِ کہتے ہیں۔