۲۔ اسمِ اشارہ اور مشار الیہ کا اعراب ایک1 ہوتا ہے۔ البتہ اسمِ اشارہ پر اعراب ظاہر نہیں ہوتا کیوںکہ وہ مبنی ہے۔
دسواں سبق
تیسرا اسم مبنی اسمائے موصولہ ہیں۔
اسم موصول وہ اسم ہے جو صلہ کے ساتھ ملے بغیر جملہ کا جزو نہ بن سکے۔ جیسے: جَائَ الَّذِيْ ضَرَبَکَ (وہ شخص آیا جس نے آپ کو مارا ہے)۔ اس میں الَّذِيْ اسمِ موصول ہے اور جملہ ضَرَبَکَ صلہ ہے اور موصول صلہ مل کر جَائَ کا فاعل ہیں۔
چند اسمائے موصولہ یہ ہیں:
الَّذِيْ (واحد مذکر کے لیے) وہ ایک مرد جو کہ
اَلَّذَانِ/ اَلَّذَیْنِ (تثنیہ مذکر کے لیے) وہ دو مرد جو کہ
اَلَّذِیْنَ (جمع مذکر کے لیے) وہ سب مرد جو کہ
اَلَّتِيْ (واحد مؤنث کے لیے) وہ ایک عورت جو کہ
الَلَّتَانِ/ اللَّتَیْنِ (تثنیہ مؤنث کے لیے) وہ دو عورتیں جو کہ
اَللَّاتِيْ/ اَللَّوَاتِيْ (جمع مؤنث کے لیے)وہ سب عورتیں جو کہ
مَا (جو چیز)
مَنْ (جو شخص)