ماہنامہ انوار مدینہ لاہور دسمبر 2012 |
اكستان |
|
حرف آغاز نَحْمَدُہ وَنُصَلِّیْ عَلٰی رَسُوْلِہِ الْکَرِےْمِ اَمَّابَعْدُ ! ملک میں جیسے جیسے اِنتخابات کا دَور قریب آرہا ہے ویسے ویسے اِنتخابی سر گرمیوں میں بھی تیزی آتی چلی جارہی ہے پنجاب و سندھ کی بھاری اَکثریت اَپنی سیاسی بے شعوری کی وجہ سے ہر بار سیاسی شاطروں کے ہاتھوں میں کھلونا بنتی چلی آرہی ہے، آبادی کے اِعتبار سے ملک کی اِس بھاری اَکثریت کی سیاسی یرغمالی نے پورے ملک پر بہت برے اَثرات مرتب کیے ہیں جس کے نتیجہ میںاَب ملک مکمل تباہی کے دہانے پہنچ چکا ہے۔ ہر بار علمائے حق پاکستان کے عوام کو اَپنی رائے کے درست اِستعمال کی ترغیب دیتے چلے آئے ہیں تاکہ خدا تر س اَور غریب پَرور قوتیں آگے آکر ملک و قوم کی صحیح معنی میں خدمت کر سکیں۔ اللہ تعالیٰ نے زمین پہاڑوں اَور سمندروں کے خزانے اِس لیے پیدا نہیں فرمائے کہ اِن پر کافر، ظالم اَور فاسق اَپنا تسلط قائم کر کے ظلم و بے اِنصافی کرتے پھریں، حقدار دَر بدر ہاتھ پھیلاتے پھریں، مظلوم دَر بدر کی ٹھوکریں کھائیں ۔