ماہنامہ انوار مدینہ لاہور جولائی 2011 |
اكستان |
|
حیدر آباد سندھ کے اَحباب نے بھی حضرت قاری صاحب سے حیدر آباد کا نقشہ مرتب کرایا تھا جو وہاں چھپ بھی گیا تھا۔ حضرت قاری صاحب کی تقریباً تین درجن سے زائد تالیفات دینی موضوعات پر نہایت مفید وموثر شائع ہوچکی ہیں جن کی تفصیل یہ ہے : قرآنیات : (١)''تاریخ قرآن'' : اِس میں تاریخ نزول قرآن، اعجاز قرآن، جمع وتدوین قرآن، حفاظت قرآن اَور اُس کے مختلف ذرائع، اشاعت قرآن، تاثیر قرآن، فضائل قرآن، آداب تلاوت قرآن اِنتہائی اہم موضوعات ہیں۔ اِس کی تکمیل حضرت قاری صاحب نے ٢٤ رمضان المبارک ١٣٩٧ھ / ٩ ستمبر ١٩٧٧ء بروز جمعہ نزول قرآن کی یادگار شب میں فرمائی۔ ١٤٢٥ھ / ٢٠٠٤ء میں راقم الحروف نے اِس پر نظر ثانی اَور اضافہ کیا۔ اِن اِضافوں میں علمائے دیوبند کی تجوید میں تدریسی خدمات، فن تجوید میں علمائے دیوبند کی تصنیفی خدمات، علمائے دیوبند میں فن تجوید وقراء ت کے ماہر، علمائے دیوبند اَور ترجمۂ قرآن کریم، علمائے دیوبند اَور تفاسیر قرآن، کتب تفاسیر کے تراجم، اُصول تفسیر و علوم القرآن میں علمائے دیوبند کی خدمات جیسے عنوانات واَبواب شامل ہیں۔ (٢) ''قرآن کی فضیلت وعظمت'': اِس میں قرآن کریم کے حفظ کی فضیلت، قرآن پڑھنے کے بعد اُس کے یاد رکھنے کی فضیلت دِل نشین اَنداز میں تحریر فرمائی ہیں۔یہ رسالہ رمضان المبارک ١٣٨٤ھ / ١٩٦٤ء میں تالیف فرمایا۔ (٣) ''آسان نورانی قاعدہ'' : اِس کی ترتیب ایسی آسان ہے کہ ایک مرتبہ اِس کو کسی اُستاذ سے پڑھ لیا جائے تو قرآن مجید پڑھنا آسان ہوجاتا ہے۔ (٤) ''یسرنا القرآن'' : یہ قاعدہ حضرت قاری صاحب نے اُس زمانے میں مرتب فرمایا تھا جب ''مکتبہ ٔرشیدیہ'' قائم نہیں ہوا تھا۔ یہ سب سے پہلے حافظ عبدالمنان تھانوی نے شائع کیا تھا۔ حدیثیات : (٥) ''چہل حدیث اَور اُن کی تشریح'' : اِس میں چالیس اَحادیث مبارکہ جو اِنتہائی اہم اُمور پر